محکمہ ٹرانسپورٹ میں ڈرائیونگ لائسنس سمیت تمام امور کو ڈیجیٹائز کر رہے ہیں،صارفین آن لائن طریقے سے اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ
محکمہ ٹرانسپورٹ میں ڈرائیونگ لائسنس سمیت تمام امور کو ڈیجیٹائز کر رہے ہیں،صارفین آن لائن طریقے سے اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ حاجی رنگیز احمد نے کہا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے تمام امور کو ڈیجیٹائز کر رہے ہیں جس سے نہ صرف ڈرائیونگ لائسنس صارفین کو آسانی میسر آئے گی بلکہ وقت کی بچت اور محکمہ ٹرانسپورٹ میں ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں بے قائدگی اور بد انتظامی پر بھی قابو پایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے تمام امور کی ڈیجیٹائز یشن کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں اور محکمہ کے تمام امور کو پیپرلیس کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز اپنے دفتر میں ڈرائیونگ لائسنس ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اور کے پی آئی ٹی بورڈ کے افسران نے شرکت کی ہے۔ اجلاس کو محکمہ ٹرانسپورٹ کے دیگر امور سمیت ڈرائیونگ لائسنس کی ڈیجیٹائز یشن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس ڈیجیٹل سسٹم سے صارفین ان لائن فیس بھی جمع کر سکیں گے اور آن لائن طریقے سے اپنا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء میں کرپشن کے عنصر پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔ اجلاس کو بریفننگ میں بتایا گیا کہ محکمہ داخلہ کے ان لائن اسلحہ لائسنس کی اپلیکشن ”دستک” کے طرز پر محکمہ ٹرانسپورٹ میں بھی ایک ان لائن موبائل اپلیکیشن بنائی جائیگی جس پر صارفین ان لائن اپلائی کر سکیں گے، جس کے لئے بہت جلد کے پی آئی ٹی بورڈ کے ساتھ ایم۔ او۔ یو پر دستخط کے عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ اس عمل کے لئے ایک سنٹرالائز نظام مرتب کیا جائے گا جس پر صارفین کی رائے یعنی فیڈ بیک بھی ممکن ہوسکے گا۔ صارفین ان لائن پیمنٹ جمع کرا سکیں گے اور تھرڈ مین کا کردار ختم کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر محکمہ ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کر رہے ہیں، کیونکہ ہم نے کرپشن کا خاتمہ کرنا ہے اور عوام کو ان کی دہلیز پر خدمات کی فراہمی کو ممکن بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کی ڈیجیٹائز یشن سے تمام زیر التوا لائسنسز کا اجراء بہت جلد ممکن ہوسکے گا جبکہ جعلی لائسنس کی روک تھام میں بھی یہ خود کار نظام کافی سود مند ثابت ہو گا۔