محکمہ صحت کا خیبرپختونخوا میں منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز
محکمہ صحت کا خیبرپختونخوا میں منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے خصوصی مہم کا آغاز
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ)سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا محمود اسلم وزیر کی ہدایت پر نشہ آور ادویات کی بڑھتی ہوئی غیر قانونی فروخت اور ذخیرہ کے خلاف صوبے کے مختلف اضلاع میں خصوصی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم وزیر کے مطابق محکمہ صحت کو صوبہ بھر سے منشیات کی غیر قانونی تجارت کے حوالے سے متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں۔ جس پر خیبرپختونخوا ڈرگ رولز 1982 (ترمیم شدہ 2017) کے شیڈول B اور G کے تحت کارروائی کا عمل شروع کیا ہے۔اس سے متعلق ڈائریکٹر جنرل آف ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز، خیبر پختونخوا نے بدھ کے روز سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا محمود اسلم وزیر کو رپورٹ جمع کروادی ہے جس کے مطابق ڈرگ انسپکٹرز نے 26 اور 27 دسمبر کو اپنے متعلقہ اضلاع میں کارروائی کے نتیجے میں متعدد میڈیکل سٹوروں کے خلاف کارروائی کی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مختلف اضلاع میں میڈیکل سٹورز کے معائنے کا انکشاف ہوا ہے جس کے نتیجے میں منشیات کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔
ایبٹ آباد میں 43 میڈیکل سٹورز کا معائنہ کیا گیا، جن میں 9 کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اسی طرح بنوں، بونیر، چترال، ڈی آئی خان، مردان، ہری پور، مانسہرہ، لکی مروت، نوشہرہ، اورکزئی، دیر لوئر، صوابی، کوہاٹ، مالاکنڈ، شمالی وزیرستان، سوات، چارسدہ اور ٹانک میں بھی ایسی ہی کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے نتیجے میں متعدد دکانوں کے خلاف ایکشن لیا گیا۔سیکرٹری صحت محمود اسلم وزیر نے صوبے میں منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں کے مکمل خاتمے تک اس مہم کو جاری رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ مجرموں کے خلاف شروع کیے گئے مقدمات کی ابتدائی تفتیش ڈرگ انسپکٹرز کے ذریعے کی جائے گی، اور صوبائی کوالٹی کنٹرول بورڈ (PQCB) سے اجازت ملنے پر، انہیں عدالتی کارروائی کے لیے ڈرگ کورٹ میں بھیجا جائے گا، جیسا کہ ڈرگ ایکٹ 1976 کے سیکشن 11(6) میں بتایا گیا ہے۔ مجرموں پر ڈرگ ایکٹ 1976 کے سیکشن 23 1 سی، 23 1 (i)، 23 1 اے (X) اور خیبر پختونخوا ڈرگ رولز 1982 (ترمیم شدہ 2017) کے تحت مقدمہ کیا گیا ہے۔ سیکرٹری صحت محمود اسلم وزیر نے صوبے میں منشیات کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کو اپنا مشن قرار دیتے ہوئے ایسے جرائم کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔