
محکمہ سوشل ویلفئیر کے دفتر میں خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈے کے تحت امدادی رقوم کے چیکس تقسیم
محکمہ سوشل ویلفئیر کے دفتر میں خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈے کے تحت امدادی رقوم کے چیکس تقسیم
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) محکمہ سوشل ویلفئیر کے دفتر میں منعقدہ تقریب میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ چترال ٹو سے رکن اسمبلی اور چیرمین ڈسٹرکٹ ڈیویلپمنٹ ایڈوائزری کمیٹی اور مہتر چترال فاتح الملک علی ناصر اور ڈی سی لویر چترال محسن اقبال نے خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے عوامی ایجنڈے کے تحت امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کئے۔ ڈسٹرکٹ افیسر سوشل ویلفئیرلویر چترال خضر حیات نے خصوصی صلاحیتوں کے حامل افرادکا اس مالی امداد کی فراہمی کے طریقہ کار پرروشنی ڈالی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں مہتر چترال ایم پی اے فاتح الملک علی ناصر نے کہاوزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی وژن کے مطابق عوامی ایجنڈا کے تحت زندگی کے تمام شعبوں میں عوام کو ریلیف مل رہی ہے اور گڈ گورننس بھی اس ایجنڈے کا حصہ ہے جس کے ثمرا ت سے صوبے کے عوام مستفید ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ اس بڑے پیمانے پر خصوصی صلاحیتوں کے حامل افراد کے لئے نقد رقم کی پیکج دی جارہی ہے اور یہ پی ٹی آئی حکومت کا طرہ امتیاز ہے کہ معاشرے کے کمزور طبقے کو سروسز میں فوقیت دی جارہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل افرادکو اپنی ترجیحات میں نمایان جگہ دے کر ان کے مسائل کو کم سے کم کرکے ان کو ریلیف پہنچانے کے لئے مربوط انتظامات کئے جائیں گے۔ اس سے قبل ڈی سی لویر چترال محسن اقبال نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ صوبائی حکومت کی ترجیحات کے مطابق خصوصی افراد کی فلاح وبہبود پرخاص توجہ دیتے ہوئے ان کو نارمل زندگی گزارنے کے قابل بنانے پر توجہ دے رہی ہے اور ان کوششوں کے بہتر نتائج برامد ہوں گے۔ ضلع کے مختلف علاقوں سے آنے والے خصوصی افراد نے چیک حاصل کرنے کے بعد صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس امید کا اظہارکیاکہ اس سلسلے کو مزید آگے بڑہایاجائے گا۔