Chitral Times

Sep 10, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ تعلیم کی جانب سے ای-ٹرانسفر پالیسی کا باقائدہ اجرا کر دیا گیا ، آج کے بعد تمام تبادلے ای-ٹرانسفر پالیسی کے تحت سال میں صرف ایک دفعہ گرمیوں کی چھٹیوں میں ہوں گے، وزیر تعلیم

شیئر کریں:

محکمہ تعلیم کی جانب سے ای-ٹرانسفر پالیسی کا باقائدہ اجرا کر دیا گیا ، آج کے بعد تمام تبادلے ای-ٹرانسفر پالیسی کے تحت سال میں صرف ایک دفعہ گرمیوں کی چھٹیوں میں ہوں گے، وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے تعلیم فیصل خان ترکئی نے محکمہ تعلیم میں اساتذہ کے تبادلوں کے لیے ای-ٹرانسفر پالیسی کا اجرا کر دیا ہے، انہوں نے کہا کہ اساتذہ مشتہر شدہ خالی آسامیوں کے لیے آن لائن اپلائی کریں گے اور متعلقہ فورم سے منظوری کے بعد میرٹ پر ان کے تبادلے ہوں گے۔ اس میں نہ کسی قسم کی سفارش کی ضرورت ہوگی اور نہ ہی دفاتر کے چکر لگانے ہوں گے۔ اس عمل کی وجہ سے اساتذہ تمام تر توجہ درس و تدریس کو دیں گے اور گھر بیٹھے ہی میرٹ پر ان کا تبادلہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ای- ٹرانسفر پالیسی کے اجرا کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن مسعود احمد، سپیشل سیکرٹری قیصر عالم، ایڈیشنل سیکرٹری فیاض عالم، ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اقبال، ڈائریکٹر آئی ٹی صلاح الدین اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

 

اجلاس کے دوران وزیر تعلیم کو بریفنگ دی گئی کہ ای ٹرانسفر پالیسی کے لیئے محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ آج سے نو ستمبر تک خالی آسامیاں ای ٹرانسفر پورٹل پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کی جانب سے اپلوڈ ہو جائیں گی، اساتذہ 10 ستمبر سے 20 ستمبر تک آن لائن اپلائی کریں گے۔ متعلقہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز 21 ستمبر سے 24 ستمبر تک درخواستوں کی ویریفکیشن کریں گے اور 26 ستمبر کو آخری میرٹ لسٹ اپلوڈ ہو جائے گی۔ 27 ستمبر کو آن لائن ٹرانسفر آرڈرز جاری کر دیے جائیں گے۔ وزیر تعلیم فیصل خان ترکئی نے کہا کہ میں ای-ٹرانسفر کے تمام مراحل کی خود نگرانی کروں گا اور میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای-ٹرانسفر پالیسی کے تحت مختلف انڈیکیٹرز رکھے گئے ہیں اور ان کے اپنے نمبرز ہیں جو استاد میرٹ میں آگے ہوگا اس کا تبادلہ متعلقہ سکول میں کیا جائے گا اور اب کے بعد مینولی تمام تبادلے محکمہ تعلیم میں مکمل طور پر بند ہوں گے۔ فیصل خان ترکئی نے مزید کہا کہ اساتذہ کا قیمتی وقت تبادلوں کے چکر میں ضائع ہو جاتا ہے اور اس پالیسی کے تحت وہ تمام تر توجہ طلبہ و طالبات کو دے سکیں گے جو ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، ڈائریکٹریٹ اور سیکرٹیریٹ لیول پر ای ٹرانسفر پالیسی کے لیے فوکل پرسن نامزد ہوں گے جو کہ تمام کاروائی کی نگرانی کریں گے۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
92812