Chitral Times

Apr 24, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی بھرتی کے پہلے مرحلے کا آغاز، چترال لوئیر سمیت 20 امتحانی مراکز  میں 80 ہزار سے زائد امیدوار امتحانات میں شریک ، تمام سنٹرز پر دفعہ 144 نافذ

Posted on
شیئر کریں:

محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی بھرتی کے پہلے مرحلے کا آغاز، چترال لوئیر سمیت 20 امتحانی مراکز  میں 80 ہزار سے زائد امیدوار امتحانات میں شریک ، تمام سنٹرز پر دفعہ 144 نافذ

پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز): محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا میں اساتذہ کی 16,454 آسامیوں پر بھرتی کے سلسلے میں ایٹا کے زیر اہتمام تحریری امتحانات کا پہلا مرحلہ اج 12 اپریل 2025 سے شروع ہوگیا ہے۔  اس مرحلے میں تین تدریسی کیڈرز کے 896 آسامیوں کے لیے 80 ہزار سے زائد امیدوار مدمقابل ہیں۔ سی ٹی-آئی ٹی کی 109 آسامیوں کے لیے 26,746 امیدوار، عربی ٹیچر کی 494 آسامیوں کے لیے 30,716 امیدوار جبکہ قاری/قارۂ کی 293 آسامیوں کے لیے 32,818  امیدوار امتحان دیں گے۔ یہ امتحانات 12 اور 13 اپریل کو صوبہ بھر کے 20 امتحانی مراکز میں بیک وقت منعقد ہو ہیں۔

اسی طرح  چترال کے امیدواروں کے لئے گورنمنٹ ڈگری کالج (بوائز)  لوئیر چترال میں ٹیسٹ سنٹر قائم کردیا گیا ہے۔

 

ایٹا انتظامیہ کے مطابق امتحانی مراکز میں نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور کسی بھی غیر متعلقہ یا مشکوک سرگرمی سے بچاؤ کے لیے حکومت خیبرپختونخوا نے تمام سنٹرز پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس اقدام کا مقصد امتحانی ماحول کو منظم انداز میں منعقد کرنا اور کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی یا مداخلت سے محفوظ بنانا ہے۔تمام متعلقہ اضلاع میں ضلعی انتظامیہ نے سینئر افسران پر مشتمل خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو ٹیسٹ سنٹرز میں موجود رہیں گی اور انتظامی و امتحانی عمل کی نگرانی کریں گی، تاکہ کسی بھی قسم کی بدنظمی یا شکایت کا فوری طور پر ازالہ کیا جاسکے۔

 

پولیس کی جانب سے تمام امتحانی مراکز کی سیکیورٹی کے لیے ایک جامع اور مؤثر سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے، جس کے تحت امتحانی مراکز کے اندر اور باہر پولیس اہلکاروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، داخلی راستوں پر چیکنگ پوائنٹس، خواتین اہلکاروں کی موجودگی، اور تکنیکی آلات کے ذریعے نگرانی کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ سپیشل برانچ کے اہلکاران کو بھی خصوصی ڈیوٹیاں دی گئی ہیں تاکہ تمام امیدوار پرامن ماحول میں امتحان دے سکیں۔

 

چیف سیکرٹری کی زیر صدارت میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز کی کارکردگی بہتر بنانے سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر کے میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز کی کارکردگی، فنڈنگ اور طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری صحت، سیکرٹری قانون، وزیراعلیٰ کے ایم ٹی آئیز پر فوکل پرسن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی مقصد ایم ٹی آئیز کی انتظامی خودمختاری کو برقرار رکھتے ہوئے کارکردگی، شفافیت اور مؤثریت کو بہتر بنانا تھا۔اجلاس میں ایم ٹی آئیز کے لئے واضح کارکردگی کے پیمانے مقرر کرنے، تھرڈ پارٹی آڈٹ اور سروس ڈیلیوری کے معیار کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات پر غور کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی صحت کی خدمات کو بہتر بنایا جائے، فنڈز کا مؤثر اور شفاف استعمال یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں صحت کارڈ سروسز، آئی سی یو بیڈز کی دستیابی، ایمرجنسی سروسز اور ایم ٹی آئیز کو درپیش بجٹ مسائل سمیت صحت کے نظام کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سرکاری و نجی سپتالوں میں ہیلتھ کیئر کمیشن کے نگرانی کے کردار کو مزید مؤثر بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔چیف سیکرٹری نے ہیلتھ سیکٹر ریفارم یونٹ کو مضبوط بنانے اور اس کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے ماہرین طب سے مشاورت کی ہدایت کی۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایم ٹی آئیز کا خصوصی آڈٹ ہیلتھ کیئر کمیشن کے ذریعے کرایا جائے گا تاکہ شفافیت اور احتساب کو فروغ دیا جا سکے۔ اس اقدام کا مقصد اداروں کی خودمختاری برقرار رکھتے ہوئے صوبے میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔

 

chitraltimes chief secretary kp chairing mtis meeting

 

 

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
101139