ماہ اپریل میں انسداد پولیو مہم کےدوران 10 سال تک عمر کے بچوں کو قطرے پلوائے جائینگے
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد سلیم خان نے کہاہے کہ صوبائی حکومت پولیو کے موذی مرض کے مکمل خاتمہ کے لئے پوری طرح پرعزم ہے اور اس راہ میں درپیش چیلنجز کے باوجود پولیو کے خاتمہ میں نمایاں کامیابی حاصل کی گئی ہے انہو ں نے ان خیالات کاا ظہار سول سیکرٹری کے کانفرنس روم میں انسداد پولیو کے حوالہ سے صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا اجلاس میں انسداد پولیو کے لئے وزیر اعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطاء ، سیکرٹری محکمہ صحت فاروق جمیل، سیکرٹری داخلہ اکرم اللہ خان ، نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر کے ڈاکٹر صفدر ، ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے کوآرڈینٹر کامران آفریدی ، سیکرٹری محکمہ تعلیم، سیکرٹری محکمہ بہبود آبادی ، صوبہ کے تمام ڈویژنز کے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، محکمہ پولیس اور دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی اجلا س میں صوبہ خیبرپختونخوا اور ضم شدہ قبائلی علاقہ جات میں انسداد پولیو کے حوالہ سے اقدامات اور اس کی راہ میں درپیش چیلنجز پر تفصیلی غور کیا گیا اس موقع پر وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو بابربن عطا نے پولیو کے حوالے سے اٹھائے جانے والے جامع اقدامات سے اجلاس کے شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا اور کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پولیو سے صاف صحتمند اور توانا پاکستان کی تشکیل کے لئے تمام تر وسائل بروئے کارلائے جارہے ہیں اجلاس میں ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا اور سابق فاٹا کے کوآرڈینیٹر کیپٹن (ر) کامران احمد آفریدی نے صوبہ خیبر پختونخوا اور ضم ہونے والے اضلاع میں انسداد پولیو کی حکمت عملی اور اس سلسلہ میں اٹھائے جانے والے اقدعامات کے بارے میں بریفنگ دی ۔ صوبہ کے مختلف ڈویژنز کے کمشنرز نے اپنے اپنے ڈویژن سے متعلق تفصیلات کے بارے میں اظہار خیال کیا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا محمد سلیم خان نے کہاکہ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اگرچہ اس راہ میں متعدد چیلنجز حائل ہیں لیکن اس کے باوجود نمایاں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں تاہم ہمارا اہدف پولیو کامکمل خاتمہ ہے انہوں نے کہاکہ ماہ اپریل کے لئے انسداد پولیو مہم کے لئے پولیو ویکسینیشن کے لئے 5 کی بجائے 10 سال تک کی عمر کے بچوں کو قطرے پلانے کا اقدام خوش آئند ہے اور اس سے یقیناً نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے صوبہ میں انسداد پولیو کے ضمن میں ای او سی خیبر پختونخوا اور اس کے کوآرڈینٹر کی کاوشوں کو سراہا انہو ں نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں انسداد پولیو کے سلسلہ میں اپنا موثر کردار ادا کریں، سیکرٹری محکمہ صحت ، انسداد پولیو کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کے ساتھ ماہانہ اجلاسوں کے انعقاد کو یقینی بنائیں جبکہ ای پی آئی صوبہ بھر اور خصوصاً ضم شدہ اضلاع میں ویکسینیشن کو زیادہ سے زیادہ موثر بنائیں۔