لوئیر چترال کے پرئیت گاوں میں جواں سال لڑکی کی مبینہ خودکشی، گولی لگنے سے موقع پر موجود ایک اور شخص بھی جان بحق
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) لویر چترال کے گاؤں پرئیت میں بدھ کی رات مبینہ طور پر ذہنی ڈپریشن میں شکار لڑکی نے اپنے آپ پر پستول سے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ خود بھی جان بحق ہوگئی جبکہ پستول کی یہ گولی ان کے قریب کھڑے شخص عبدالخالق ولد دوردانہ شاہ کو لگنے سے ان کی بھی موت واقع ہوئی۔ چترال پولیس کے مطابق مبینہ طور پر خود کشی کرنے والی لڑکی جمیلہ بی بی دختر عبدالجلیل کی عمر سولہ سال بتائی جاتی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس افیسر لویر چترال قمر حیات نے میڈیا کو بتایاکہ ذہنی ڈپریشن میں مبتلا لڑکی گھر والوں سے ناراض ہوکر چترال شہر پہنچ گئی تھی جہاں سے انہیں گھر واپس لے جانے کے دوران یہ واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے کہاکہ پولیس نے ضابطہ فوجداری کے دفعہ 174کے تحت انکوائری شروع کردی ہے اور لاشوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد ہی واقعہ کی اصلیت سے پردہ اٹھ جائے گا۔