Chitral Times

Jan 13, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

قانون ہر کسی کو ہر فون ٹیپ کرنے کی اجازت نہیں دیتا: آئینی بنچ سپریم کورٹ

Posted on
شیئر کریں:

قانون ہر کسی کو ہر فون ٹیپ کرنے کی اجازت نہیں دیتا: آئینی بنچ سپریم کورٹ

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) سپریم کورٹ کے آئینی بنچ نے فون ٹیپنگ سے متعلق کیس میں ریمارکس دیئے ہیں کہ قانون ہر کسی کو ہر فون ٹیپ کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔جسٹس امین الدین کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بنچ نے فون ٹیپنگ سے متعلق کیس کی سماعت کی، جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ کیا فون ٹیپنگ سے متعلق کوئی قانون سازی ہوئی؟ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ 2013 سے قانون موجود ہے جس کے مطابق آئی ایس آئی اور آئی بی نوٹیفائیڈ ہیں، قانون میں فون ٹیپنگ کا طریقہ کار ہے اور عدالتی نگرانی بھی قانون میں ہے۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس میں کہا کہ قانون کے مطابق تو فون ٹیپنگ کے لیے صرف جج اجازت دے سکتا ہے، کیا کسی جج کو اس مقصد کے لیے نوٹیفائی کیا گیا ہے؟جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ فون ٹیپنگ کا قانون مبہم ہے، آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں رپورٹس یا قانون میں دلچسپی نہیں بلکہ نتائج چاہئیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ جج کی نامزدگی بارے مجھے علم نہیں۔جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے کہ اس مقدمے کا اثر بہت سے زیر التوا مقدمات پر بھی ہو گا، یہ معاملہ چیف جسٹس کے چیمبر سے شروع ہوا چیف جسٹس کہاں جائے گا۔جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ قانون ہر کسی کو ہر فون ٹیپنگ کی اجازت نہیں دیتا۔ایڈووکیٹ آن ریکارڈ (اے او آر) نے کہا کہ اس مقدمے میں درخواست گزار میجر شبر سے رابطہ نہیں ہو رہا جبکہ میجر شبر کے وکیل بھی گزشتہ سال فوت ہو چکے ہیں۔بعدازاں سپریم کورٹ آف پاکستان کے آئینی بنچ نے دلائل سننے کے بعد کیس پر ایڈووکیٹ جنرلز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

 

 

جاپان کی حکومت نے پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کے لئے 3.1 ملین ڈالر گرانٹ کا اعلان کیا ہے، عائشہ رضا فاروق

اسلام آباد(سی ایم لنکس):وزیرِ اعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق نے کہا ہے کہ جاپان کی حکومت نے پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام کیلئے 3.1 ملین ڈالر گرانٹ کا اعلان کیا ہے،اس سلسلے میں جاپان حکومت، جائیکا اور یونیسف کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوئے۔ نیشنل ای او سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس گرانٹ سے پولیو ویکسین کی خریداری کی جائے گی، یہ گرانٹ 2025 میں ہونے والی پولیو مہم میں استعمال کی جائے گی۔رواں سال ملک میں اب تک پولیو کے 59 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاپان حکومت اور عوام کا مسلسل تعاون قابلِ قدر ہے۔انہوں نے کہا کہ جاپان کی مستقل حمایت کے ساتھ، ہم اپنی کوششوں کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں 2025 کے وسط تک پولیو کیسز کو صفر پر لانے کے عزم پر قائم ہیں۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
96620