
غذر انتظامیہ نے شندور روڈ سے برف ہٹانے کے لیے مشینری روانہ کر دی،چترال کی طرف سے تاحال برف ہٹانے کا کام شروع نہ ہوسکا
غذر انتظامیہ نے شندور روڈ سے برف ہٹانے کے لیے مشینری روانہ کر دی،چترال کی طرف سے تاحال برف ہٹانے کا کام شروع نہ ہوسکا
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) حالیہ برف باری کے بعد چترال گلگت روڈ کھولنے کے لئے غذر انتظامیہ متحرک ہوگئ، غذر انتظامیہ نے اپنی حدود میں شندور روڈ سے برف ہٹانے کے لیے مشینری روانہ کر دی ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے اور قابلِ تحسین اقدام بھی۔ تاہم، اس کے برعکس، اپر چترال اور لوئر چترال کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آئی-
یہ انتہائی ضروری ہے کہ چترال کی ضلعی انتظامیہ بھی فوری طور پر متحرک ہو اور برف ہٹانے کے لیے مناسب مشینری اور افرادی قوت تعینات کرے تاکہ شندور اور دیگر متاثرہ علاقوں میں آمد و رفت بحال ہو سکے۔ اس ضمن میں متعلقہ حکام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس معاملے کی سنجیدگی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری عملی اقدامات کریں تاکہ عوام کو کسی غیر ضروری پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید برآں، عوامی حلقوں، منتخب نمائندوں، اور سماجی تنظیموں کو بھی اس اہم مسئلے پر توجہ دینی چاہیے تاکہ متعلقہ حکام تک یہ مطالبہ مؤثر انداز میں پہنچ سکے۔ تاکہ ضلعی انتظامیہ برف ہٹانے کے کام میں سرعت لائے اور عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
فوٹو بشکریہ :کاشف علی