
عیدالاضحی کے ایام کے دوران اپنی خوشیوں میں غریب اورمستحق افراد کی شرکت اور احترام بھی یقینی بنائے۔حاجی غلام علی
عیدالاضحی کے ایام کے دوران اپنی خوشیوں میں غریب اورمستحق افراد کی شرکت اور احترام بھی یقینی بنائے۔ عیدالاضحی کے موقع پرگورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی کا پیغام
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے عید الاضحی کے مبارک موقع پر امت مسلمہ اورخاص طور پرخیبر پختونخوا بشمول ضم اضلاع کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور اس مبارک دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ دن ہم میں انسانیت کی خاطرقربانی کا جذبہ زندہ رکھتاہے۔انہوں نے تمام ہم وطنوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عیدالاضحی کے ایام کے دوران اپنی خوشیوں میں غریب اورمستحق افراد کی شرکت اور احترام بھی یقینی بنائے۔
عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں گورنرنے کہاہے کہ عیدالاضحی اللہ تعالی کی رضا کی حصول کی خاطر حضرت ابراہیم علیہ السلام اور ان کے صاحبزادے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی جانب سے قربانی اورایثار کے بے مثال جذبے کے سنت میں منائی جاتی ہے۔قربانی کا جذبہ ایک قوم، معاشرے اور فرد کو اخلاقیات کے اعلی درجے کی طرف لے جاتا ہے جوکہ معاشرتی خوشحالی کا باعث بھی بنتاہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ قربانی کاجذبہ مسلمانوں کو یہ احساس بھی دلاتاہے کہ انہیں انسانیت کی بھلائی کے لئے درکار ہر خدمت کے لئے تیار رہنا چاہئے۔ گورنرنے کہاکہ آج کادن ہمیں یاددلاتاہے کہ ہمیں دوسروں کی مدد کرنے میں بلکل ہچکچانانہیں ہے۔ انہوں نے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لئے عوام سے اللہ تعالی کے احکامات اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق برقرار رکھنے کا مطالبہ بھی کیا۔گورنرنے کہاکہ اسلام امن اور ہم آہنگی کا دین ہے،ہمیں بحیثیت مسلمان اس خصوصی موقع پریہ عہد کرناہوگاکہ ہم خود کو انسانیت کی خدمت کے لئے وقف کریں گے اور اس نیک مقصد کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایک ایسے مقدس مقصد کے امین ہیں جو انسانیت کی عظمت کا درس دیتاہے اور اہل ایمان کو اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ وہ انسانیت کی فلاح اوراس کے بہتر مستقبل کیلئے جوبھی قربانی دیں گے اس کا انہیں اجر ملے گا۔ہمارا یہ پختہ ایمان ہے کہ ہمیں انسانیت کی فلاح کیلئے اپنی پرخلوص وبے لوث کوششوں کے صلے میں اس دنیا میں بھی اورآخرت میں بھی اجروثواب ملے گا۔
گورنر نے کہاہے کہ بحیثیت قوم ہمارے کاندھوں پر اپنے پیارے وطن کی سلامتی واستحکام برقراررکھنے کی بھاری ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے۔ اس انتہائی اہم فریضہ کے پیش نظر اس امر کی بھی اشد ضرورت ہے کہ ہر سطح پر اتحاد و ہم آہنگی برقرار رکھی جائے اور اس عزم کا اعادہ کیاجائے کہ وطن عزیز کی ترقی وخوشحالی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی۔#
گورنر حاجی غلام علی عید کے دوسرے دن(بروز جمعہ) صبح 10 بجے سے عصر 4 بجے تک گورنر ہاؤس میں عوام سے عید ملنے کیلئے موجود ہوں گے
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی عید الضحٰی کی خوشیاں عوام کے درمیان منائیں گے، گورنر عید الضحٰی کے دوسرے دن عوام سے عید ملنے اور خوشیاں بانٹنے کیلئے گورنر ہاؤس میں موجود ہوں گے اور عید الضحٰی کے دوسرے دن(بروز جمعہ) صبح 10 بجے سے عصر 4 بجے تک گورنر ہاؤس میں عوام کیلئے موجود ہوں گے. عوام گورنر سے عید ملنے اور عید کی خوشیاں بانٹنے کیلئے عید کے دوسرے روز بروز جمعہ مقررہ اوقات میں گورنر ہاؤس تشریف لا سکتے ہیں.