عمران خان کی گرفتاری سپریم کورٹ میں چیلنج
عمران خان کی گرفتاری سپریم کورٹ میں چیلنج
اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )تحریک انصاف نے عمران خان کی گرفتاری کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا۔پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرا دی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا 9 مئی کا حکم آرٹیکل 10 اے کے خلاف ہے اور عدالت کا فیصلہ تضادات سے بھرپور ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سیکریٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کیے گئے، اسلام آباد ہائیکورٹ غیر قانونی حراست سے نکالنے میں ناکام رہی۔سپریم کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین نیب کے جاری کردہ وارنٹ غیر قانونی ہیں، انکوائری کو تحقیقات میں بدلنے کے بعد نیب نے کوئی نوٹس جاری نہیں کیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ جس 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن کا الزام ہے وہ سپریم کورٹ میں پہلے ہی جمع ہو چکے ہیں، حکومت جب چاہے 190 ملین پاؤنڈ کو کہیں بھی منتقل کر سکتی ہے۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالتی حدود سے گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ کے کئی فیصلے موجود ہیں، میری زندگی کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں۔فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری کے خلاف درخواست جمع کرائی ہے۔واضح رہے کہ کل دوپہر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بائیو میٹرک کروانے کے لیے جیسے ہی اسلام ا?باد ہائی کورٹ کے متعلقہ آفس جانے لگے تو راستے میں انہیں رینجرز نے حراست میں لے لیا تھا۔
عمران خان گرفتاری کیس، جلد سماعت کیلئے درخواست پر اعتراضات دور
اسلام آباد(سی ایم لنکس)سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان گرفتاری کیس کی جلد سماعت کے لیے درخواست پر اعتراضات دور کر دیے۔عمران خان کے وکیل راجا عامر عباس نے کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کے لیے درخواست دائر کی۔اعتراضات دور ہونے کے بعد رجسٹرار آفس نے عمران خان کی اپیل کو نمبر الاٹ کر دیا۔اس سے قبل سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست پر اعتراضات عائد کیے تھے۔رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض عائد کر کے واپس کر دی تھی۔رجسٹرار آفس نے اعتراض لگاتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان نے متعلقہ فورم سے رجوع نہیں کیا، وہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر سکتے تھے۔اعتراض میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ عمران خان کی درخواست کے ساتھ مطلوبہ دستاویزات مکمل نہیں ہیں اور عمران خان کا وکالت نامہ دستخط شدہ نہیں۔واضح رہے کہ عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف متفرق درخواست دائر کی گئی۔