Chitral Times

Dec 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عمران خان نے غریب عوام کے حقوق اور ہمارے بچوں کے مستقبل کی خاطر اپنی جان کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔وزیراعلیِ محمود خان

Posted on
شیئر کریں:

عمران خان نے غریب عوام کے حقوق اور ہمارے بچوں کے مستقبل کی خاطر اپنی جان کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔وزیراعلیِ محمود خان

پشاور( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کو انتہائی مذموم حرکت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک دشمن عناصر اس طرح کے بزدلانہ اقدامات کے ذریعے اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ عمران خان ملک میں لوٹ مار اور بدعنوانی میں ملوث مافیا کے لئے ایک بہت بڑا چیلنج بن چکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ تمام مافیاز جن کے کرپٹ نظام سے مفادات وابستہ ہیں وہ اپنا راستہ صاف کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عمران خان کو زندگی میں کسی چیز کی کمی نہیں ، نا انہیں اقتدار میں کوئی دلچسپی ہے اور نا ہی کوئی دوسرا ذاتی مفاد ہے۔ عمران خان نے غریب عوام کے حقوق اور ہمارے بچوں کے مستقبل کی خاطر اپنی جان کو خطرے میں ڈال رکھا ہے۔ وہ پوری قوم کی جنگ لڑ رہے ہیں اور کرپٹ نظام کے خلاف اس جدوجہد میں پوری قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے اور حقیقی آزادی کے حصول تک ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

 

جمعہ کے روز یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو سیاسی جماعتیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عوامی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں ان کے تمام تر خدشات جلد حقیقت میں بدل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل سیاسی جماعتیں ایک جمہوری طریقے سے منتخب حکومت کو بے دخل کرکے رجیم چینج سازش کے تحت اقتدار میں آئیں اور اب اپنی امپورٹڈ حکومت کی بقاءکےلئے مایوس کن ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ پاکستان کے باشعور عوام اس سیاسی ٹولے کے گھناونے عزائم سے بخوبی واقف ہوچکے ہیں اور کسی بھی صورت ان کی حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مزید طاقت کے ساتھ ابھرے اور ثابت کیا کہ وہ غیور قوم کے نڈر لیڈر ہےں جو حالات کی سختی سے بھاگے نہیں بلکہ قوم و ملک کے مستقبل کی خاطر اپنی جان کی پرواہ بھی نہیں کی۔ عمران خان بہادری اور جرات کا استعارہ بن چکے ہیں اور قوم کو فخر ہے کہ ان کے لیڈر ایک دلیر اور غیرت مند انسان ہے، ملکی خودمختاری اور عزت اور وقار کی خاطر ظلم و جبر کے خلاف سینہ سپر ہے ۔ موجودہ حالات نے یہ ثابت کردیا ہے کہ عمران خان ہر قسم کے حالات کا بہادری سے مقابلہ کرنے کی ہمت و صلاحیت رکھتے ہیں ۔

 

امپورٹڈ ٹولہ جلد ایکسپورٹ ہونے والا ہے ، کیونکہ یہ عوامی مفاد کی نہیں بلکہ ذاتی مفاد کی سوچ کا مالک ہے اور انشاءاللہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی کیونکہ عوام نے یہ واضح کردیا ہے کہ کوئی ذہنی بیمار ان پر حکومت نہیں کرسکتا ۔جو لیڈر ملک و قوم کی خاطر ہر قسم کی سختی برداشت کرکے ہمت و حوصلہ نہیں ہارتے وہ ہی اس غیور قوم کی قیادت کے حقدار ہےں ۔ پی ٹی آئی اور عمران خان آخری سانس تک قوم کے مستقبل اور ملک کی ترقی کی خاطر جنگ لڑتے رہیں گے ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
67693