وزیراعلی خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور کو کے پی ہاؤس سے غیر قانونی طور پر گرفتار کرلیا گیا، عمر ایوب
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی اسلام آباد سے گرفتاری کی تصدیق کردی۔اسلام آباد سے جاری بیان میں عمر ایوب نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو کے پی ہاؤس سے غیر قانونی طور پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ رینجرز اور اسلام آباد پولیس نے کے پی ہاؤس کی حدود کی خلاف ورزی کی، وزیراعلیٰ علی امین آئین کے تحت ریاست پاکستان کا حصہ ہیں۔پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ رینجرز، پولیس اور آرمڈ فورسز ریاست کے آلات ہیں، کیا پاکستان میں مارشل لاء لگ چکا ہے، فارم 47 کی حکومت کا یہ اقدام ان کیتابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔
راولپنڈی اسلام آباد دوسرے روز بھی سیل، موبائل سروس بدستور معطل
راولپنڈی(سی ایم لنکس)تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث راولپنڈی اسلام آباد دوسرے روز بھی سیل رہے، اسکول، عدالتیں اور میٹرو بس اور موبائل فون سروس بند ہے۔دونوں شہروں کے مرکزی راستوں کے علاوہ مری روڈ سے آنے والے لنک روڈز اور گلیوں کو بھی سیل کیا گیا ہے، سڑکوں پر ٹریفک معمول سے انتہائی کم ہونے کی وجہ سے سرکاری اداروں میں حاضری انتہائی کم ہے۔راستوں کی بندش کے باعث اڈیالہ جیل سے ملزمان کو آج بھی عدالتوں میں پیش نہیں کیا گیا، تمام عدالتوں نے مقدمات کی سماعت بغیر کارروائی کے حاضری لگا کر ملتوی کر دی۔راستوں کی بندش سے محکمہ تعلیم نے سلام ٹیچرز ڈے سے متعلق تمام تقریبات بھی منسوخ کر دی ہیں، ان پروگرامز میں اساتذہ کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈ دیئے جانے تھے۔
غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کیس: علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری
اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے غیر قانونی اسلحہ و شراب برآمدگی کے کیس میں وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسین زیدی نے تھانہ بہارہ کہو میں درج مقدمے کی سماعت کی۔دورانِ سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ متعدد مرتبہ عدالتی طلبی کے باوجود علی امین گنڈاپور عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے حکم دیا کہ علی امین گنڈاپور کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔اس کے ساتھ ہی عدالت نے کیس کی سماعت 12 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کر دی۔