Chitral Times

Apr 25, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے چیف سیکریٹری کے زیرصدارت اجلاس، برفانی اضلاع میں بلاتعطل انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے اور الیکشن ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت

Posted on
شیئر کریں:

عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے چیف سیکریٹری کے زیرصدارت اجلاس، برفانی اضلاع میں بلاتعطل انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے اور الیکشن ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کی ہدایت

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان کے زیرصدارت عام انتخابات 2024 کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا میں عام انتخابات2024 کی تیاریوں کے لئے خصوصی اقدامات، عام انتخابات کی تیاریوں اور سیکورٹی امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں تمام متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ سمیت دیگر محکموں کے سربراہان شریک ہوئے جبکہ صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ و ریجنل پولیس افسران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ اجلاس میں عام انتخابات کے دوران سیکورٹی انتظامات کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ الیکشن کے دن پولیس کی بڑی افرادی قوت سیکورٹی پر مامور ہوگی۔چیف سیکرٹری کی ہدایت پر دیگر متعلقہ محکموں کے اہلکار و شہری دفاع کے رضاکار بھی ڈسٹرکٹ پولیس افسران کی نگرانی میں پولیس کی معاونت کے لئے فرائض سرانجام دینگے۔

 

محکمہ جنگلات، وائلڈ لائف، ایکسائز، انٹی کرپشن، بہبود آبادی، صحت سمیت شہری دفاع سے بھی رضاکار پولیس کی معاونت کے لئے دستیاب ہونگے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ تمام انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جبکہ پولنگ اسٹیشنز پر سہولیات کی دستیابی کے حوالے سے فنڈز صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے فراہم کردیئے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری نے برفانی اضلاع میں بلاتعطل انتخابات کے عمل کو یقینی بنانے اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کی بھی ہدایت کی۔چیف سیکرٹری نے جنرل الیکشن 2024ء کے لئے اب تک کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شفاف انتخابات کا انعقاد ہماری اولین ترجیح ہے، تمام افسران دیانتداری سے الیکشن کے انعقاد جیسے قومی فریضے میں اپنا کردار ادا کریں اور الیکشن کمیشن کی مکمل معاونت کریں۔انکا کہنا تھا کہ برفانی اضلاع میں الیکشن سامان کی ترسیل کے عمل کیلئے راستوں کی کلیئرنس یقینی بنائی جائے اور اس حوالے سے تمام درکار مشینری اور آلات کی دستیابی ممکن بنائی جارہی ہے۔

 

چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ محکمہ سیاحت، بلدیات، سی اینڈ ڈبلیو، پی کے ایچ اے اور دیگر ادارے برفانی علاقوں میں کوآرڈینیشن سے کام جاری رکھیں۔قبل ازیں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے عام انتخابات 2024 کی تیاریوں اور انتظامات کے سلسلے میں ہفتہ کے روز چارباغ ضلع سوات کے مختلف سکولوں اور پولنگ سٹیشنز کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان،ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ عابد مجید،ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ محمد علی خان،ڈپٹی کمشنر سوات ڈاکٹر قاسم علی خان،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔چیف سیکرٹری نے سکولوں میں پولنگ کیلئے لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا جبکہ چیف سیکرٹری کو پولنگ کے دن ووٹرز کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت دیگر سیکورٹی انتظامات اور تیاریوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری نے ہدایت جاری کی کہ پولنگ سٹیشنوں میں تمام تیاریاں اور انتظامات جلد سے جلد مکمل کئے جائیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سیکورٹی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے علاوہ ازیں صاف اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے ووٹرز کو پولنگ سٹیشنز میں سہولیات مہیا کی جائیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
84118