عالمی یوم ماحولیات کے سلسلے میں چترال کے تین مختلف مقامات پر اگہی پروگرامات کا انعقاد
عالمی یوم ماحولیات کے سلسلے میں چترال کے تین مختلف مقامات پر اگہی پروگرامات کا انعقاد
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) عالمی یوم ماحولیات کے سلسلے میں چترال لوئیر میں تین مختلف مقامات پر پروگرامات منعقد ہوئے جن میں اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے چترال میں ماحولیاتی مسائل اور علاقے کو درپیش سنگین خطرات اور چیلنجز پر روشنی ڈالی گئی اور ماحولیات کی اہمیت کے بارے میں بڑے پیمانے پر عوامی آگہی پھیلانے اور انہیں قدرتی آفات اور خشک سالی کے مسائل کے لئے تیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ان تقریبات میں ماہرین ماحولیات، اکیڈیمیا، سول سوسائٹی کے نمائندے، کنزرویشن ورکرز اور طالب علموں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور مذاکرے کے محفل اور تقریروں کے ذریعے اس دن کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی جبکہ دو مختلف سکولوں کے طالب علموں نے آگہی واک نکالی اور پولو گراونڈ میں انسانی زنجیر بنا کر اس عہد کا اعادہ کیاکہ ماحول کی تحفظ میں وہ مکمل یکجہتی کا مظاہر ہ کریں گے۔
تقریبات کا اہتمام مسلم ایڈ، سنو لیپرڈ فاونڈیشن اور یو ایس ایڈ نے کیا تھا جن میں مقررین نے چترال کی مخصوص جعرافیائی پوزیشن اور اس کی ٹوپوگرافی کی وجہ سے نازک ماحول کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بچانے کے لئے مختلف تدابیر اور ان میں انفرادی اور اجتماعی کوششوں پر روشنی ڈالی گئی جبکہ چترال میں قدرتی وسائل کا بے دریغ استعمال اور اس بارے میں ایک جامع اور ٹھوس لائحہ عمل مرتب کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیاگیا۔ مقررین نے اس سال یوم ماحولیات کی موضوع “زمین کی بحالی، صحراپذیری اور خشک سالی کے خلاف کمیونٹی کی تیاری”پر چترال کی مخصوص حالات کے تناظر میں خیالات کا اظہار کیا۔
مقامی ہوٹل میں مسلم ایڈ کی تقریب سے اسسٹنٹ کمشنرچترال ڈاکٹر محمد عاطف جالب، ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر سلیم الدین، ماہر ماحولیات حامد میر، ڈی ایف اوز فارسٹ عبدالمجید، چترال گول نیشنل پارک رضوان اللہ، وائلڈ لائف فاروق نبی، صدر پریس کلب ظہیر الدین،ایس آئی ایف کے اویس احمد جبکہ چترال پبلک سکول میں سنولیپرڈ فاونڈیشن کی تقریب سے جمیع اللہ شیرازی، رضوان اللہ، وجیہہ الدین، شجاع الحق اور گورنمنٹ سینٹنل سکول میں یو ایس ایڈ کی تقریب سے ڈائرکٹر جنرل کالاش ویلی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی منہاس الدین، سکول پرنسپل فضل سبحان، ڈی ای او محمود غزنوی اور ہدایت اللہ نے خطاب کیا۔