طویل خشک سالی کے بعد چترال اپر اور لوئیرمیں بارش اوربرفباری جاری، لواری ٹنل سے فلحال ٹریفک جاری ، اختیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت
طویل خشک سالی کے بعد چترال اپر اور لوئیرمیں بارش اوربرفباری جاری، لواری ٹنل سے فلحال ٹریفک جاری ، اختیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) تقریبا دو مہینے موسم خشک رہنے کے بعد گذشتہ رات سے چترال کے بالائی علاقوں میں برفباری اور چترال شہر و مضافات میں بارش کا سلسلہ جاری ہے ۔ جس پر لوگوں نے خوشی اظہار کیا ہے ۔ اتوار کے روز لواری ٹنل ، کالاش ویلیز ،مڈک لشٹ ، گبور، ارسون اور اپر چترال کےمقامات کھوت ، تریچ ، بروغل وغیرہ مقامات میں برفباری ہوئی ۔ اور نشیبی مقامات ہلکی بارش جاری ہے ۔ چترال میں پانی کی قلت والے علاقوں کے لوگوں نے انتہائی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ اور اسے اللہ کی طرف سے رحمت قرار دیا ہے ۔ کیونکہ خشک سالی کی وجہ سے اب تک چترال میں درجنوں پانی کے چشمے خشک ہوچکے ہیں ۔ اور لوگوں کو پینے اور آبپاشی کے پانی کا شدید مسئلہ درپیش ہے ۔ جبکہ گلیشئیرز پر امسال برف کی نئی تہہ بھی نہیں پڑی ہے ۔ اس لئے آیندہ سال بھی پانی کاشدید مسئلہ پیش ہو سکتا ہے ۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عرفان الدین نے لائن ڈیپارٹمنٹس خصوصاً سی،اینڈ،ڈبلیو، ٹی،ایم،ایز اور اے،ڈی، لوکل گورنمنٹ کے سربراہان کو اپنے مشینریز الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ایگزیکٹو انجینئر سی،اینڈ،ڈبلیو، تحصیل میونسپل آفسر مستوج/موڑکہو/تورکہو اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو اپر چترال کو ملانے والے سڑکوں کو بحال رکھنے اور دوردراز علاقوں کا بہ نفس نفیس دورہ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔
اسی طرح لواری ٹنل پر برف باری جاری ہے تاہم روڈ امدو رفت کیلۓ بحال ہے۔ اور ٹریفک کی روانی جاری ہے۔ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد عمران خان کی ہدایات پر این ایچ اے کی مشینری سٹینڈ بائی پہ ہے۔ چترال لیویز , پولیس , اور متعلقہ اداروں کے جوان عوام کی مدد اور رہنمائی کیلۓ 24/7 ڈیوٹی پہ تعینات ہیں ۔
مسافر اور سیاح حضرات سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ دوران سفر احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھیں،دوران سفر سنو چین کا استعمال کریں۔ موسم اور رسائی سڑکوں سے متعلق معلومات حاصل کر کے سفر کریں ۔رات کے اوقات میں غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں۔