Chitral Times

Dec 11, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

طلبہ کو تعلیم اور کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ

Posted on
شیئر کریں:

طلبہ کو تعلیم اور کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ

 

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بدھ کے روز پشاور تعلیمی بورڈ میں منعقدہ آل پاکستان انٹر بورڈز گرلز کرکٹ اینڈ ٹینس مقابلوں کی تقریب تقسیم انعامات میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی اورکھیلوں کے مقابلوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیموں میں ٹرافیاں، شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کئے۔ وزیر اعلیٰ نے اپنی طرف سے ان مقابلوں میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے لئے 50، 50 ہزار روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔ تعلیمی بورڈز کے درمیان کھیلوں کے مقابلے 9 نومبر کو شروع ہوئے جو  13 نومبر کو اختتام پذیر ہوئے۔

 

 

مقابلوں میں خیبرپختونخوا اور ملک کے مختلف بورڈز کی ٹیموں نے شرکت کی۔ ٹینس کے مقابلوں میں پانچ مختلف بورڈز بشمول لاہور، مردان، فیصل آباد ، پشاور اورپنجاب بورڈ آف ٹیکنکل ایجوکیشن لاہور نے شرکت کی۔ لاہور بورڈ نے ان مقابلوں میں پہلی پوزیشن حاصل کی ، مردان بورڈ نے دوسری پوزیشن جبکہ پشاور بورڈ اور پی بی ٹی ای لاہور مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ کرکٹ کے مقابلوں میں مجموعی طور پر 10 ٹیموں نے شرکت کی ، جن میں لاہوربورڈ ، فیصل آباد بورڈ، ایبٹ آباد بورڈ، ملاکنڈ بورڈ ، ڈی آئی خان بورڈ، بنوں بورڈ، سوات بورڈ، مردان بورڈ ، پشاور بورڈ اور پنجاب بورڈ آف ٹیکنکل ایجوکیشن لاہور شامل ہیں۔ کرکٹ کے مقابلوں میں لاہور بورڈ کی ٹیم نے پہلی جبکہ پشاور بورڈ کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔

 

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر پشاور بورڈ میں نو تعمیر شدہ جمنازیم کا افتتاح بھی کیا۔ جمنازیم 16 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے جس میں باکسنگ، کراٹے اینڈ تائیکوانڈو، ٹیبل ٹینس، باڈی فٹنس جم اور ریسلنگ سمیت دیگر سہولیات موجود ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ” دیگر صوبوں سے آئے ہوئے مہمانوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد بھی انتہائی ضروری ہے۔ایسے ایونٹس منعقد کرنے کا مقصد نوجوانوں کے سکلز کو نکھارنا ہے”۔

 

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ طلبہ کو تعلیم اور کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ اپنی ذمہ  احسن طریقے سے پوری کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ  ناامیدی گناہ ہے آپ نے محنت جاری رکھنی ہے عزم اور بلند حوصلوں کے ساتھ آگے بڑھنے کی کوشش جاری رکھنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کہتے ہیں بڑا انسان وہ بنتا ہے جس کے خواب بڑے ہوتے ہیں تو ہم نے اپنے خوابوں کو بڑا رکھنا ہے اور ہمت کر کے آگے بڑھنا ہے۔ مشکلات کامیابی کا حصہ ہوتی ہیں، ہم نے مشکلات سے ڈرنا نہیں بلکہ انکا مقابلہ کر کے کامیاب ہونا ہے۔

 

وزیر اعلیٰ نے کرکٹ کا  فائنل میچ جیتنے پر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور کی ٹیم کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ ہماری بچیاں ہمارا اثاثہ ہیں ان پر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کریں۔ ہماری بھرپور کوشش ہے بچوں کے ساتھ ساتھ بچیوں کو وسیع مواقع فراہم کریں تاکہ وہ اپنا لوہا منوا سکیں۔ امید ہے ایسے ایونٹس ہوتے رہیں گے اور اس سے بھی بہتر انداز میں ہوں گے۔صوبائی وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم فیصل خان ترکئی، سرکاری حکام ، بورڈ سربراہان اور کھلاڑیوں نے تقریب میں شرکت کی۔

 

 

 

chitraltimes cm kp ali amin gandapur addresing tennis and girls criket final program 4 chitraltimes cm kp ali amin gandapur addresing tennis and girls criket final program 2 chitraltimes cm kp ali amin gandapur addresing tennis and girls criket final program 1

chitraltimes cm kp ali amin gandapur addresing tennis and girls criket final program 5

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
95537