
ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے زیر اہتمام اپر چترال کے دور افتادہ علاقہ بروغل میں کھلی کچہری کا انعقاد
ضلعی انتظامیہ اپر چترال کے زیر اہتمام اپر چترال کے دور افتادہ علاقہ بروغل میں کھلی کچہری کا انعقاد
اپر چترال ( چترال ٹائمزرپورٹ ) اپر چترال کے دورآفتادہ علاقہ بروغل میں کھلی کچہری محمد عرفان الدین ڈپٹی کمشنر اپر چترال کی ہدایات پر زیر صدارت فدالکریم ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر منعقد ہوئی۔ جس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اپر چترال ڈاکٹر ارشاد نے اپنے دیگر سٹاف کے ہمراہ شریک ہوئے۔جبکہ بروغل ویلی سے کافی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔کھلی کچہری میں علاقے کے لوگوں نے علاقے کو درپیش متعدد مسائل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے گوش گزار کئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔کھلی کچہری میں بروغل کے لوگوں نےمطالبہ کیا کہ چھت گاز اور ودین کھوت بروغل میں سرکاری مین گودام نہ ہونے کی وجہ سے گندم کی ترسیل میں دقت درپیش ہورہی ہے اور وہ لوگ ٹرانسپورٹرز کو 1000 روپے سے ذائد فی بوری کرایہ ادا کرکے اپنے علاقوں کے لئے گندم لے جاتے ہیں۔
اس بابت ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر اپر چترال کو بروغل کے ہر گاوں میں گندم ذخیرہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ بے غیر کسی دقت اور ذائد ادائیگی کے لوگوں کو گندم مل سکے۔مذید براں اس موقع پر بتایا گیا کہ ڈپٹی کمشنر نے علاقے کی دورافتادگی کو مد نظر رکھتے ہوئےبروغل کے عوام کے لئے اگلے3 مہینے کے لئے خوراک کے پیکیج کا بندوبست بھی کررہا ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کی صورت میں علاقے میں خوراک کی قلت نہ ہو۔ کھلی کچہری کے اختیتام کے بعد محکمہ ہیلتھ کی جانب سے وہاں دو سال سے کم عمر کے بچوں کے لئے Immunization شروع کی گئی جہاں دو سال سے کم عمر کے بچے تقریباً 12 مختلف قسم کے بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔