Chitral Times

Jan 13, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کے پسماندہ اور دوردراز اضلاع کو ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، گورنرحاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

صوبے کے پسماندہ اور دوردراز اضلاع کو ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، گورنرحاجی غلام علی

گورنر سے ضلع دیر سے منتخب بلدیاتی چئیرمینوں، کونسلروں اور مشران اورسیاسی جماعتوں کے اراکین پر مشتمل 28 رکنی وفد کی گورنر ہاؤس میں ملاقات، عوامی مسائل پر تبادلہ خیال

گورنر کی مقامی ہوٹل میں سٹار مارکیٹنگ کے زیر اہتمام سٹار پراپرٹی شو میں بھی شرکت، ھاوسنگ کے شعبے میں نجی شعبہ کی سرمایہ کاری کو سراہا

پشاور ( چترال ٹایمزرپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ صوبے کے پسماندہ اور دور افتادہ اضلاع کو ترقیافتہ اضلاع کے برابر لائے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،مالاکنڈ ڈویژن بالخصوص ضلع دیر کے متعدد علاقے قدرتی حسن سے مالا مال ہیں جہاں سیاحت کو فروغ دینے سے مقامی آبادی کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اس ضمن میں مقامی عمائدین، نوجوانوں کو بھی سیاحتی سرگرمیوں کو پروموٹ کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز گورنر ہاوس پشاور میں ضلع دیر سے منتخب بلدیاتی چئیرمینوں، کونسلروں اور عمائدین سمیت پیپلز پارٹی پاکستان مسلم لیک جماعت اسلامی پر مشتمل 28 رکنی وفد سے گورنر ہاوس میں ملاقات کے دوران کیا. وفد کی سربراہی چیئرمین سندرائی مولانا اشفاق حنفی کررہے تھے. وفد میں ملک حیات خان، ملک گلا خان، ابراہیم خان، ملک سلطان خان، جہانزیب خان، مولانا شاہ یوسف خان، فضل مقیم خان اور دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں ضلع دیر سے وابستہ عوامی مسائل سمیت بلدیاتی نمائندوں کو درپیش مشکلات سے گورنر کو آگاہ کیا گیا.گورنر نے وفد کے شرکاء کو مسائل کے حل کیلئے اپنی جانب سے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نگران صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ صوبے کے تمام بندوبستی و ضم اضلاع میں ترقی کا دور دورا ہو اور اس ضمن میں وفاقی حکومت بھی اپنی ہر ممکن امداد کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے عوام کے بہت قریب ہوتے ہیں اس لئے صوبائی حکومت بجٹ میں منتخب بلدیاتی نمائندوں کیلئے فنڈز مختص کر رہے جس کی بڑی وجہ نچلی سطح پر حقیقی معنوں میں ترقیاتی کاموں کا آغاز کرنا مقصود ہے، انہوں نے کہا کہ صوبہ کے تمام اضلاع بالخصوص شمالی اضلاع کے منتخب عوامی نمائندے، عوام علاقہ شمالی علاقہ جات کے قدرتی وسائل کو نہ صرف ملکی سطح بلکہ دنیا بھر میں متعارف کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں کیونکہ اللہ نے ان علاقوں کو قدرتی حسن سے نوازا ہے جس کی پروموشن حکومت کے ساتھ ساتھ قامی آبادی کی بھی زمہداری بنتی ہے، وفد کے شرکاء نے گورنر ہاؤس میں شاندار طریقے سے خیرمقدم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے تعاون کی یقین دہانی پر گورنر کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا.

علاوہ ازیں گورنر نے پشاور کے مقامی ہوٹل میں سٹار مارکیٹنگ کے زیر اہتمام سٹار پراپرٹی شو میں بھی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی، تقریب میں اسٹار مارکیٹنگ کے ریجنل ڈائریکٹر یاسر رشید، سی ای او سیف گروپ کلیم اللہ مروت،عمران اللہ مروت، فضل ربانی، سمیت تعمیراتی شعبہ سے سرمایہ کاروں اور سابق رکن صوبائی اسمبلی عاطف الرحمٰن و دیگر شریک تھے،تقریب میں ہاوسنگ سمیت تعمیراتی شعبہ کے 22 بڑے منصوبے بھی متعارف کرائے گئے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا نجی شعبہ کی جانب سے ھاوسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری انتہائی حوصلہ افزا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف عوام کو روزگار میسر ہو رہاہے بلکہ روزگار کی فراہمی کیلئے حکومت پر بھی بوجھ ہلکا ہوجاتاہے. انہوں نے تعمیراتی شعبہ سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم اھنگ معیاری تعمیرات کو یقینی بنائیں اور عوام کی تفریح اور انہیں کھیل کود کی سہولیات کی فراہمی کا بھی خاص خیال رکھا جائے.انہون نے کہا کہ تعمیراتی شعبہ انڈسٹری کا درجہ رکھتا ہے جہاں سے عوام کو بہت زیادہ روزگار مہیا ہو رہا ہے اور جدید طرز تعمیر بھی ملک میں متعارف کرائی جا رہی ہے۔ انہوں نے تعمیراتی شعبہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وفاق و صوبائی حکومتیں نجی شعبہ بالخصوص تعمیراتی شعبہ کو سہولیات فراہمی کیلئے مکمل تعاون کر رہی ہیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
75787