صوبے کے مزید 28 سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں کو صحت کارڈ پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ
ملک میں صحت کارڈ پلس پر پہلے مفت لیور ٹرانسپلانٹ آپریشن پر تیمور جھگڑا نے اسٹیٹ لائف اور ایس ایچ پی آئی ٹیم کو مبارکباد دی۔
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا نے صحت کارڈ پلس کی سٹیرنگ کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی جس میں صوبے کے مزید 28 سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں کو پروگرام میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ صحت کارڈ پلس پروگرام میں شامل ہونے کے لیے 271 ہسپتالوں نے درخواستیں جمع کرائیں، ایک موثر اور شفاف نظام کے تحت ان ہسپتالوں میں فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ جن ہسپتالوں کو اسٹیٹ لائف کی جانب سے منظوری کے لیے پیش کیا گیا، ان ہسپتالوں کا ڈائریکٹر آئی ایم یو کی سربراہی میں قائم شدہ کمیٹی نے بھی جائزہ لیا جس کے بعد سٹیرنگ کمیٹی کے سامنے منظوری کے لیے پیش کیا گیا۔ اسی کمیٹی نے مستردشدہ ہسپتالوں کی جانب سے دوبارہ درخواستوں کا بھی جائزہ لیا اور دوبارہ تصدیق کے بعد عمل کو آگے بڑھایا۔
اس موقع پر تیمور جھگڑا نے مزید ہسپتالوں کو اس پروگرام میں شامل کرنے پر زور دیا۔ وزیر صحت تیمور جھگڑا نے متعلقہ محکموں کی کوششوں کو سراہا اور شفافیت میں اضافے کی رفتار کو جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ محکمے اور سٹیٹ لائف کی ایک مشترکہ کمیٹی تشکیل دی گئی جو دو ہفتوں کے اندر اندر ہسپتالوں کو پروگرام میں شامل کرنے کے عمل اور شفافیت میں مزید بہتری کی تجویز پیش کرے گی۔وزیر صحت تیمور جھگڑا نے ایک سال میں متعدد بار ہسپتالوں کو شامل کرنے کے عمل کو چلانے پر بھی زور دیا تاکہ مزیدہسپتالوں کو اس پروگرام میں شامل ہونے کا موقع مل سکے، جس سے صوبے کے تمام اضلاع میں مریضوں کو صحت کی بہتر خدمات میسر آئیں گی۔ تیمور جھگڑا نے محکمہ کو ہدایت کی کہ وہ پروگرام کی آفیشل ویب سائٹ کو بہتر بنائے۔ وزیر صحت تیمور جھگڑا نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو رواں مالی سال میں سرکاری ملازمین کے لیے ٹاپ اپ پروگرام کو حتمی شکل دینے کی ہدایت بھی کی، جس سے وہ 10 ملین روپے تک کا ہیلتھ انشورنس حاصل کر سکیں گے اور OPD کا احاطہ بھی کر سکیں گے۔