صوبے کے تمام کمشنرز کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا….وزیراعلیٰ
وزیراعلیٰ کا صوبے کے تمام کمشنرز کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لینے کا فیصلہ ، پشاور میں خصوصی صفائی مہم چلانے ،
ٹیکسی ڈرائیورز سے جبری ٹیکس جمع کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کرنے اور صوبے میں ممکنہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے اقدامات اُٹھانے کی ہدایت ۔
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام کمشنرز کی کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا، مختلف شعبوں میں کمشنرز کی کارکردگی کے رجحانات کا جائزہ نہ صرف خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر کرنے میں مدد کرے گا، بلکہ اس سلسلے میں حکومت کو گراں قدر معلومات بھی فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ فیڈ بیک کے طریقہ کار کو بھی مزید مضبوط کیا جائے تاکہ عوام کو خدمات کی فراہمی کے عمل کا حقیقت پسندانہ جائزہ لیا جا سکے ۔ یہ مجموعی عمل خدمات کی فراہمی کے نظام کو بہتر کرنے اور اصلاحات لانے کے حوالے سے معاون ثابت ہو گا۔ وہ پشاور ریجنل ایڈمنسٹریشن کی کارکردگی پرجائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیر قانون سلطان محمد خان ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ، کمشنر پشاواوردیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان سٹیزن پورٹل کے ذریعے صرف پشاور ریجن سے 3684 شکایات موصول کی گئی ہیں، جن میں سے 3242 شکایات کا ازالہ کیا گیا ہے ، جبکہ 442 شکایات پر عمل درآمد جاری ہے ۔ اسی طرح صوبے میں تجاوزات کے خلاف مہم کے تحت صرف پشاور ریجن سے 474 کنال اراضی واگزار کی گئی ہے۔ اجلاس کو ریونیو کولیکشن کے حوالے سے بھی بریفینگ دی گئی اور آگاہ کیا گیا کہ ضلع پشاور میں لینڈ ٹیکس ، ایگرکلچر انکم ٹیکس ، لوکل ریٹ اور عشر کے ذریعے 5.49 ملین روپے جمع کرنے کا ہدف رکھا گیا تھا جس کے تعاقب میں 3.6 ملین روپے جمع کر لئے گئے ہیں۔ اسی طرح ضلع چارسدہ میں 14.004 ملین روپے جمع کرنے کا ہدف تھا ، جس میں سے 7.8 ملین روپے جمع کئے جا چکے ہیں۔3.59 ملین روپے کے طے شدہ ہدف کے خلاف ضلع نوشہرہ سے 2.048 ملین روپے جمع کئے گئے ہیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات کے مطابق پچھلے دو ماہ کے دوران مختلف عوامی مقامات کا معائنہ کیا گیا ہے اور سہولیات کا جائزہ لیا گیا ہے ۔ پچھلے دوہ ماہ مارچ اور اپریل 2019 کے دوران صرف پشاور میں 246 صحت کی سہولیات ، 284 تعلیم کی سہولیات ، 194 پٹوار خانوں اور 183 ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کیا گیا ہے ۔ صاف اور سبز پاکستان اقدام کے تحت پشاور، چارسدہ ، نوشہرہ ، خیبر اور مہمند کے اضلاع میں اپریل (2019) کے مہینے میں 1.97 ملین پودے لگائے گئے ہیں۔ اپریل2019 میں ہی پشاور میں 26 خصوصی صفائی مہمات کا انعقاد کیا گیا ہے ،اسی طرح چارسدہ میں 366 اور خیبر میں 21 خصوصی صفائی مہمات کا اجراءکیا گیا ۔ نوشہرہ میں دوہفتوں پر مشتمل نکاسی آب کی خصوصی مہمات بھی منعقد کی گئی ہیں۔ اسی طرح کی مہمات کا اہتمام ضلع مہمند کے مختلف حصوں میں بھی کیا گیا ہے ۔ صاف اور سرسبز پاکستان پروگرام کے تحت صوبے میں پٹرول اور سی این جی سٹیشنوں پر بھی صفائی مہمات کا اجراءکیا گیا ہے ۔ ماہ اپریل میں 358 سٹیشنز کا معائنہ کیا گیا اور معیار کا جائزہ لیا گیا جس کے نتیجے میں 2.5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائدکیا گیاہے ۔ اجلاس کو آگا ہ کیا گیا کہ پولی تھین بیگز کے استعمال کے خلاف بھی اسی طرح کے ااقدامات کئے ہیں پو لی تھین بیگز بنانے والے کارخانوں اور دستیاب سٹاکس کو بند کیا گیا ہے ۔گزشتہ ماہ اپریل کے دوران ضلعی انتظامیہ پشاور نے دودھ میں ملاوٹ کے خلاف بھی بھر پور کاروائی کی ہے اور ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں بجلی چوری کے خلاف بھی چھاپے مارے گئے ہیں اور 182.74 ملین روپے ریکور کئے گئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے پی ڈی اے ، ڈبلیو ایس ایس پی اور ٹی ایم ایز کو ہدایت کی کہ پشاور کی خوبصورتی کیلئے ایک ماہ کی بھر پور مہم چلائی جائے ۔ انہوںنے کہاکہ بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کا زیادہ تر تعمیراتی کام ختم ہو چکا ہے یا ختم ہونے کو ہے اسلئے اب پشاور میں ایک جاندار صفائی مہم کی ضرورت ہے ۔ محمود خان نے محکمہ پولیس کو ہدایت کی کہ پشاور میں ٹیکسی ڈرائیورز سے جبری ٹیکس جمع کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کیا جائے ۔ اُنہوںنے محکمہ صحت کو بھی صوبے میں ممکنہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے اقدامات اُٹھانے کی بھی ہدایت کی ۔