Chitral Times

Oct 14, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تمام میونسپل حکام شہروں کے اطراف میں آئیڈیل مقامات پر مویشی منڈیاں لگائیں۔سیکریٹری بلدیات

شیئر کریں:

صوبے کے تمام میونسپل حکام شہروں کے اطراف میں آئیڈیل مقامات پر مویشی منڈیاں لگائیں۔سیکریٹری بلدیات

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی شکیل احمد نے صوبے کے تمام میونسپل حکام کو ہدایت کی ہے کہ عیدالاضحی کی آمد کے پیشِ نظر شہروں کے اطراف میں آئیڈیل مقامات پر مویشی منڈیاں بڑھائیں تاکہ ان میں رش کم سے کم سطح پر لایا جائے جبکہ ان میں ویکسینیشن، حفظان صحت، آبنوشی، سیکورٹی، روشنی اور دیگر بنیادی سہولیات کے علاؤہ ویٹرنری ڈاکٹر کی موجودگی اور کرونا و ایبولا سمیت وبائی امراض کی موثر روک تھام کیلئے بھی حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں وہ لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ پشاور میں صوبے کے تمام میونسپل اداروں اور اتھارٹیز کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے.

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری معتصم بااللہ شاہ، سیکرٹری لوکل کونسل بورڈ سلیم خان، ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ خدا بخش اور دیگر اعلیٰ حکام کے علاؤہ ضم شدہ اضلاع سمیت صوبے بھر کے ٹی ایم ایز، ڈبلیو ایس ایس سیز اور اتھارٹیز کے سربراہان نے شرکت کی سیکرٹری بلدیات نے واضح کیا کہ عیدالاضحی کیلئے جدید مشینری سے لیس چاق و چوبند عملے کی تعیناتی کا شیڈول ہنگامی بنیادوں پر تیار کیا جائے اور اسے رابطہ نمبروں کے ساتھ متعلقہ آر ایم اوز اور لوکل کونسل بورڈ کے علاؤہ لوکل گورنمنٹ سیکرٹریٹ کے ساتھ شئیر کیا جائے۔ انہوں مزید ہدایت کی کہ عید کے موقع پر تمام میونسپل ادارے قربانی کے جانوروں کے فضلے بروقت ٹھکانے لگانے کیلئے عید سے پہلے انتظامات مکمل کریں اور عید کے تین دنوں میں صفائی کے عمل کو مسلسل یقینی بنائیں۔

سیکرٹری بلدیات نے یہ بھی ہدایت کی کہ عید پر تمام شہروں اور قصبوں میں صاف ستھرا ماحول یقینی بنانے کیلئے عوامی آگاہی بھی اجاگر کریں اور اس مقصد کیلئے ٹی ایم ایز کی جانب سے مساجد میں اعلانات، چوراہوں پر بینرز لگانے، وٹس ایپ نمبر اور پمفلٹ کی تقسیم سمیت تمام روایتی طور طریقے اپنائے جائیں تاکہ عیدالاضحٰی کے موقع پر صفائی کی مہم کو بھرپور عوامی تعاون و پذیرائی حاصل ہو انہوں نے واضح کیا کہ عید سے ایک دو روز پہلے رہائشی علاقوں میں مفت قابل تحلیل بیگز بھی تقسیم کئے جائیں جن پر متعلقہ ٹی ایم ایز یا دیگر میونسپل اداروں کے مونوگرام اور ہدایات درج ہوں تاکہ وہ مقررہ مقامات پر فضلہ جات رکھنے میں میونسپل اداروں سے پورا تعاون کریں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged , ,
50004