صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹرانسمیشن اینڈ گرڈکمپنی کے انتظامی ومالی امورچلانے کیلئے کمیٹی کاقیام عمل میں لایا گیا
صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ٹرانسمیشن اینڈ گرڈکمپنی کے انتظامی ومالی امورچلانے کیلئے کمیٹی کاقیام عمل میں لایا گیا
کمپنی کے قیام سے صوبے میں بجلی کا نظام بہترہوگا،سیکرٹری توانائی کی زیرصدارت بورڈ آف ڈائریکٹرزکا اجلاس
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) خیبرپختونخوامیں بجلی کے ترسیلی نظام کومزید بہترطریقے سے چلانے کے لئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قائم ہونے والی خیبرپختونخوا ٹرانسمیشن اینڈ گرڈکمپنی(KPT&GC)کے انتظامی معاملات اورمالی امور چلانے کیلئے ایچ آرفنانس کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جواپنی سفارشات جلدپیش کرے گی جس کی روشنی میں توانائی شعبے سے وابستہ متعلقہ فیلڈ کے حامل تجربہ کار سینئرآفیسرزکوکمپنی میں تعینات کیا جائے گااورکمپنی کے لئے بزنس ماڈل تشکیل دے کرمختلف منصوبوں پرعملی کام کا آغازکیاجائے گا۔ اس سلسلے میں KPT&GC کادسواں بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس زیرصدارت چیئرمین بورڈسیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمدخان منعقد ہوا۔اجلاس میں کمپنی کے چیف ایگزیکٹومحمدایوب سمیت دیگربورڈ ممبرزمشیرتوانائی طلاء محمد،سپیشل سیکرٹری توانائی عرفان اللہ،ایڈیشنل سیکرٹریز محکمہ توانائی شاہ فہد،عبدالحسیب،ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ آصف رشید،چیف پی اینڈ ڈی کامران خان،ڈائریکٹرایچ آراینڈایڈمن پیڈومحمدادریس خٹک اورڈپٹی سیکرٹری توانائی اعجازخان نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیئرمین بورڈ کو کمپنی کیانتظامی امورکوچلانے کے لئے سٹاف کی تقرری سمیت دیگر مالی معاملات کے بارے میں ہونے والی پیشر فت سے آگاہ کیاگیا۔اجلاس میں چیئرمین بورڈنثاراحمدخان نے کمپنی کیلئے گاڑی سمیت دیگراشیاء ضروریہ کی خریداری سے متعلق مروجہ قوانین کی روشنی میں عملدرآمدکرنے پرزوردیااور ٹرانسمیشن کمپنی کو صوبے کے بجلی کے نظام کی بہتری کی طرف ایک سنگ میل قراردیا۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیاکہKPٹرانسمیشن اینڈ گرڈ کمپنی جلد ہی پیڈوکے مکمل ہونے والے منصوبوں سے پیداہونے والی سستی بجلی کواپنے نظام سے ترسیل کرکے نئی تاریخ رقم کرے گی جوصوبے اوراسکے عوام کے لئے ایک اعزاز سے کم نہیں ہے۔اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری توانائی اعجاز خان کو کمپنی سیکرٹری کااضافی چارج دینے کی بھی منظوری دی گئی۔
سیلز ٹیکس چوری کی نشاندہی کرنے والے افراد کو نقد انعام دیا جائے گا، اور ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم
مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) دفتر کا دورہ
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خزانہ مزمل اسلم نے کہا ہے کہ صوبے میں سیلز ٹیکس چوری کی نشاندہی کرنے والے افراد کو نقد انعام دیا جائے گااور ان کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔یہ بات انہوں نے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی (کیپرا) کے دفتر کے دورے کے موقع پر کیپرا کے افسران کے اجلاس کے دوران کہی۔ مشیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس چوری کو روکنے کے لیے عوام کی مدد لی جائے گی اور انہیں حوصلہ افزائی کے طور پر انعامی سکیم کا حصہ بنایا جائے گا جس کے لیے قانونی مسودے کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس چوری میں ملوث افراد یا اداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل کیپرا فوزیہ اقبال نے مشیر خزانہ کا استقبال کرتے ہوئے انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا جبکہ ڈی جی کیپرا اور ان کی ٹیم نے کیپرا کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور رواں مالی سال کے پہلے دو ماہ میں جمع کیے گئے محاصل کے اعداد و شمار پیش کیے اور بتایا گیا کہ کیپرا نے ان دو ماہ میں 7.17 ارب روپے کے محاصل جمع کیے جو کہ گزشتہ مالی سال کے اتنے ہی عرصے کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ ہیں۔مشیر خزانہ کو مزید بتایا گیا کہ گزشتہ مالی سال کے لیے کیپرا کو 35 ارب روپے کا ہدف دیا گیا تھا جبکہ رواں مالی سال کے لیے 47 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ ہے۔ کیپرا کے افسران نے عزم ظاہر کیا کہ نہ صرف اس ہدف کو حاصل کیا جائے گا بلکہ اس سے بڑھ کر زیادہ وسائل اکٹھے کیے جائیں گے تاکہ صوبے کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مالی وسائل فراہم کیے جا سکیں۔مشیر خزانہ نے کیپرا کی ٹیم کی محنت اور کاوشوں کو سراہا اور مزید بہتر کارکردگی کی تاکید کی۔ انہوں نے کیپرا افسران کو مشورہ دیا کہ وہ چھوٹے ٹیکس دہندگان کی بجائے بڑے ٹیکس دہندگان پر توجہ مرکوز کریں تاکہ محاصل میں اضافہ کیا جا سکے۔بعد ازاں مشیر خزانہ نے کیپرا کے لان میں شجر کاری مہم کے تحت ایک پودا بھی لگایا اور ادارے کی ماحول دوستی کو سراہا۔