
صوبے میں 20سیاحتی مقامات دریافت، 5نئے مقامات کیلئے ماسٹر پلان تیار کرلیا ہے،عاطف خان
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)سینئر صوبائی وزیر برائے سیاحت ، ثقافت ، کھیل ، آثارقدیمہ ، میوزیم و امور نوجوانان محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ حکومت نے صوبے میں 20 سیاحتی مقامات دریافت کئے ہیں جن میں سے 10 مقامات کو انفراسٹرکچر سمیت تمام سہولیات دے کر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنایا جائے گا جبکہ 5 مقامات کیلئے ماسٹر پلان بھی تیار کیا گیا ہے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے ورلڈ بینک کے تعاون سے سیاحت کے فروغ کیلئے منعقد ہونے والی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پرسیکرٹری محکمہ سیاحت شاہد زمان ، ایڈیشنل سیکرٹری بابر خان ، منیجنگ ڈائریکٹر ٹورازم کارپوریشن خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان ، ورلڈ بینک کے کنٹری دائریکٹر مسٹر ایلنگو پیٹ چاموٹو ، پریکٹس منیجر ورلڈ بینک نبیلہ اسف ، سینئر ٹورازم سپیشلسٹ ورلڈ بینک وولٹر شیلکن ، آغاخان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کے سی ای او سلمان بیگ اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں، تقریب کا موضوع ’’خیبرپختونخوا ٹورازم سیکٹر اینالیسس ‘‘ تھا ، ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر خیبرپختونخوا محمد عاطف خان نے کہاکہ صوبہ میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے بنائی گئی ٹاسک فورس 7 نومبر کو وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کر کے صوبے میں سیاحت کے حوالے سے آگاہ کریگی ، سینئر وزیر نے کہاکہ پشاور میں موجود قلعہ بالا حصار کو کھولنے کیلئے کور کمانڈر پشاور سے بات چیت جاری ہے اور بہت جلد ان کو اعتماد میں لے کرسیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا ، انہوں نے کہاکہ ماضی میں سرکاری افسروں کے زیراستعمال 35سرکاری ریسٹ ہاؤسز عوام کیلئے کھول دیئے گئے ہیں سینئر وزیر نے یہ بھی کہا کہ سوات میں کبل کے مقام پر قائم گالف کلب بہت جلد سیاحوں کیلئے کھول دیا جائے گا اس کے علاوہ خصوصی ٹورازم فورس کا قیام بھی عمل میں لایاجا رہا ہے جو سیاحوں کی معاونت اور خفاظت کیلئے چوکس رہیگی ، انہوں نے مزید کہاکہ صوبے میں سیاحت کو فروغ دینے سے نہ صرف آمدن بڑھے گی بلکہ لوگوں کو مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے ، سینئر صوبائی وزیر کا کہناتھا کہ کمراٹ خیبرپختونخوا کا ایک پرفضا مقام ہے جو حال ہی میں دریافت ہوا ہے جہاں پر ہوٹلوں کی دستیابی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر سے بات چیت جاری ہے ، ورکشاپ میں سیاحتی ماہرین کے علاوہ ٹورآپریٹرز اور ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا، کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک مسٹر ایلنگو پیٹ چاموٹوکا کہناتھاکہ خیبرپختونخوا حکومت سیاحتی شعبے میں کام کررہی ہے اور صوبے سمیت پاکستان کا ایمیج سیاحت میں کافی بہتر ہوا ہے اور پاکستان نے دنیا میں 11 درجہ ترقی کی ہے تاہم مستقبل میں سیاحتی شعبے میں کام کرنے سے ملک کی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے جس کیلئے ہمارا مکمل تعاون صوبائی حکومت کو میسر ہوگا ، انہوں نے کہاکہ سیاحتی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا اور صوبائی حکومت نے جن اقدامات کی جانب نشاندہی کی ہے اس پر ترجیحی بنیادوں پر کام کی ضرورت ہے ۔