Chitral Times

Jan 16, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں 18 انڈسٹریل اسٹیٹ بنائے گئے، کاروباری و معیشت کی ترقی کے لیے تجارت کا فروغ ضروری ہے، گورنر حاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

صوبے میں 18 انڈسٹریل اسٹیٹ بنائے گئے، کاروباری و معیشت کی ترقی کے لیے تجارت کا فروغ ضروری ہے، گورنر حاجی غلام علی

بزنس کمیونٹی کو مضبوط رکھنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے، مسائل کو حل کرنے میری جدوجہد جاری رہے گی، پیش گوئی یاد رکھ لیں، صوبے کے پسماندہ علاقے بہت جلد کامیاب ترین اضلاع ہونگے، دیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں عشائیہ سے خطاب

گورنر کو شاندار خدمات پر دیرچیمبر کی جانب سے گولڈمیڈل دیا گیا،بزنس کمیونٹی کیلئے مثالی خدمات پر گورنر کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں، بزنس کمیونٹی

صوبے کی بزنس کمیونٹی بالخصوص ملاکنڈ ڈویڑن کو سنٹرل ایشیاء سے ملانے قابل عمل منصوبے پر کام کررہے ہیں، ریجنل کوآرڈینیٹر فیڈریشن آف پاکستان سرتاج احمد خان

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہم وقتی فائدہ دیکھتے ہیں حالانکہ بیرون دنیا لانگ ٹرم پالیسیز مرتب کرکے عمل کرتی ہے، بزنس کمیونٹی کو ساتھ لے کر صوبے میں 18 انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کئے جاچکے ہیں،خیبرپختونخوا میں جامعات کا معیار بین الاقوامی طرز پر کرنے کی جدوجہد جاری ہے، چترال یونیورسٹی کو 1 ارب 70 کروڑ لاگت سے تعمیرکرنے کاسنگ بنیاد رکھ دیاہے، واڑی کیمپس کی بھی منظوری دی ہے، فیڈریشن آف پاکستان کے ریجنل کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان اور دیر چیمبر کے صدر نور عالم خان اور تمام بزنس کمیونٹی نے گورنر کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان خیالات کا اظہار گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے گزشتہ روز لوئر دیر میں دیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے دیے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا۔ عشائیہ کی میزبانی دیر چیمبر کے صدر نور عالم خان، کابینہ، ایگزیکٹو ممبران نے کی۔ عشائیہ میں سابق صوبائی نگران وزیر حاجی فضل الہی، فیڈریشن آف پاکستان کے صوبائی چیئرمین قیصر خان داودزئی، ملاکنڈ چیمبر آف کامرس کے صدر شعیب خان، ہری پور چیمبر کے صدر طیب سواتی، ملاکنڈچیمبر،باجوڑ چیمبر،صوابی چیمبر، چترال چیمبر اور دیر سمیت ایف پی سی سی آئی کے ایگزیکٹیو اور جنرل باڈی کے اراکین فضل رحیم، صاحب زادہ، اسرار خان، نور عالم، محمد اقبال خان، حسبان اللہ، محمد عدنان خان، انعام اللہ، چترال سے معراج حسین، حاجی فضل محمد سمیت مختلف چیمبرز کی صدور اور بزنس کمیونٹی شریک تھی۔ عشائیہ کے دوران باجوڑ کے گروپ لیڈر اور ای سی ممبر لالی شاہ نے بزنس مین پینل کی حمایت کا اعلان بھی کیا۔

 

تقریب سے سرتاج احمد خان اور نور عالم خان نے خطاب کرتے ہوئے جہاں گورنر حاجی غلام علی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا وہاں بی ایم پی کی دو سالہ کارکردگی اور دیر کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حوالے سے بھی گذارشات پیش کیں۔ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ صدی ہم سے تقاضہ کرتی ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو عملی میدان کے لیے تیار کریں اور انہیں وٹس ایپ سے نکال کر ریسرچ اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں داخل کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں دیر پا منصوبہ بندی کرتے ہوئے کامیابی کی منازل کو طے کیا جاتا ہے جبکہ ہمارے ہاں زرخیز زمینوں اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہونے کے باوجود وقتی اور عارضی فائدے پر جان چھڑانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قدرتی وسائل کا 60 فیصد ہر سال ضائع کرتے ہیں۔ حالانکہ حال ہی میں لکی مروت اور وزیرستان میں گیس کے ذخائر دریافت ہوئے، ہمارے پاس پانی ہے، موسم ہیں، معدنیات ہیں، بجلی ہے، کوئلہ ہے، لیکن پالیسیز اور ویژن کی کمی ہے۔ ہم نے اس پر کام کرنا ہے اور خاص کر یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل طلبہ کو ریسرچ کرکے اپنے اپنے علاقوں کے قدرتی وسائل کو سامنے لاناہوگا۔ ہر بات میں ریاست اور ملک کے خلاف ہرزہ سرائی کی بجائے ریاست اور ریاستی اداروں کاساتھ دیناہوگا، محنت کریں اور اللہ سے کامیابی کی امید رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صوبے میں 18 انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کئے گئے ہیں، سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہمیشہ کام کیا، بیرون دنیا سے تجارت کے مواقع بڑھانے کے ہر موقع کو حاصل کرنے کی پوری لگن سے جدوجہد کی، کامیابی بھی ملی، لیکن ابھی رستہ باقی ہے، منزل تک پہنچنا ہے۔

 

گورنر کا کہنا تھا کہ چترال یونیورسٹی کی ایک ارب 70 کروڑ کی لاگت سے تعمیرشروع کردی گئی ہے، واڑی میں بھی یونیورسٹی کیمپس کی منظوری دی ہے اور یاد رکھ لیں آنے والے مستقبل قریب میں پسماندہ علاقے کامیابی کی جانب بڑی تیزی سے گامزن نظر آئینگے کیونکہ میں نے طلبا و طالبات میں وہ جزبہ دیکھا ہے کہ کچھ کر دکھانا ہے۔ ہم نے اپنے نسلوں کا سوچنا ہے، نفرتوں کو ختم کرنا ہے۔ تقریب میں کاروبار اور روزگار کو بڑھاوا دینے والے کامیاب بزنس مینز کو یادگاری شیلڈز اور میڈلز بھی دیے گئے۔دیرچیمبر نے شاندار خدمات پر گورنر کو گولڈمیڈل دیا۔

chitraltimes kp governor visit upper dir bussiness community 1


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
82352