Chitral Times

Apr 23, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں امن و امان کو بحال رکھنے کے لئے پولیس کی تمام درکار ضروریات پوری کی جائیں گی۔نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا 

Posted on
شیئر کریں:

صوبے میں امن و امان کو بحال رکھنے کے لئے پولیس کی تمام درکار ضروریات پوری کی جائیں گی۔نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت منگل کے روز امن و امان سے متعلق ایک اہم اجلاس وزیر اعلیٰ ہاوئس پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضم اضلاع میں پولیس کو مستحکم کرنے سے متعلق امور پر غور و خوص کیا گیا۔ نگران صوبائی وزرائڈاکٹر عامر عبداللہ، بیرسٹر فیروز جمال شاہ کا کاخیل کے علاوئہ چیف سیکرٹری ندیم اسلم چودھری، انسپکٹر جنرل آف پولیس اختر حیات خان گنڈاپور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری محمد عابد مجید اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس آفیسرز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے وزیر اعلی کو صوبہ بھر میں امن وامان کی مجموعی صورتحال، درپیش مسائل، پولیس کے اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی گئی۔ نگران وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور  اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گااوراس مقصد کے لئے پولیس کو تمام تر درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لئے پولیس فورس کی کوششیں قابل تحسین ہیں تاہم موجودہ حالات کے تناظر میں پولیس فورس کو مزید بہتر اور مربوط انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کو بحال رکھنے کے لئے پولیس کی تمام درکار ضروریات پوری کی جائیں گی اور پولیس جوانوں کے مورال کو ہر قیمت پر بلند رکھا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ضم اضلاع میں پولیس کی استعداد کو بڑھانے کے لئے فوری طور پر قابل عمل پلان ترتیب دیا جائے جبکہ صوبائی حکومت اس پلان پر عملدرآمد کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی ہدایت کی کہ اچھی کارکردگی کے حامل پولیس جوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے میکنزم تیار کیا جائے جبکہ سنگین جرائم اور دہشتگردی کے واقعات میں ملوث عناصر کو سزائیں دلانے کے لئے استغاثہ کے موجودہ نظام کو بہتر بنانے پر کام کیا جائے۔

 

 

دریں اثنا نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس (ر) سید ارشد حسین شاہ سے منگل کے روز پشاور میں تعینات امریکن قونصل جنرل شانتی مور نے وزیراعلیٰ ہاو¿س پشاور میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کی امور اور دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا ۔ مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت اور امریکی ترقیاتی اداروں کے درمیان اشتراک کار اور تعاون سے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی ۔ نگران وزیراعلیٰ ارشد حسین شاہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت مختلف شعبوں میں امریکی حکومت اور اداروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ، امید ہے سوشل سیکٹرز میں امریکی حکومت صوبے کے ساتھ تعاون کا یہ سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت اور امریکی ترقیاتی ادارے مختلف شعبہ جات بشمول پولیس، تعلیم، صحت، زراعت میں تعاون فراہم کر رہے ہیں جو قابل ستائش ہے۔ ارشد حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں دوست ممالک اور ڈونر ایجنسیوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے کیونکہ کئی دہائیوں پر محیط بد امنی کی وجہ سے یہ علاقے ترقی کے میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں ۔ ان جنگ زدہ علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ ضم اضلاع میں روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر ، امن و امان کو بہتر بنانا، تعلیم و صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے ۔ نگران صوبائی حکومت ان شعبوں میں امریکی تعاون کا خیر مقدم کرے گی اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ امریکی قونصل جنرل شانتی مور نے اپنی گفتگو میں کہا کہ امریکی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کے ساتھ مل کر عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین دوستانہ اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں جنہیں مزید مستحکم اور مضبوط بنایا جائے گا۔

chitraltimes us conselte gen met caretaker cm kp


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
82577