Chitral Times

Dec 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے بھر میں کورونا ویکسینیشن کے لئے مقرر کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش

Posted on
شیئر کریں:

صوبے بھر میں کورونا ویکسینیشن کے لئے مقرر کردہ اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جائے، چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش
کورونا وائرس سے بچاو کیلئے ویکسینیشن انتہائی اہم ہے، چیف سیکرٹری
عوام ویکسینیشن مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں۔ ڈاکٹر شہزاد خان بنگش

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں کورونا ویکسینیشن کے لئے مقرر کردہ اہداف کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ کورونا سے بچاؤ کے لئے ویکسینیشن انتہائی اہم ہے عوام ویکسینیشن مہم کے دوران ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں۔ چیف سیکرٹری نے یہ ہدایات صوبے بھر میں جاری ایک ماہ پر محیط کورونا ویکسینیشن مہم بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ اجلاس میں متعلقہ ڈویژنل کمشنرز، ڈائریکٹر جنرل محکمہ صحت، کوارڈینیٹر ای او سی اور تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔  چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ہدایت کی کہ حالیہ کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ویکسینیشن مہم میں تیزی لائی جائے۔

 

اجلاس کو ویکسینیشن پلان کے بارے بتایا گیا کہ 25 جولائی سے 25 اگست تک ایک ماہ پر محیط کورونا  ویکسینیشن مہم صوبے بھر میں چلائی جارہی ہے مہم کے دوران تقریبا پچاس لاکھ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر  158،439 افراد کی ویکسینیشن کا ہدف رکھا گیا ہے اسی طرح روزانہ 277،472 افراد کو بوسٹر ڈوز لگائے جائیں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ہداہات جاری کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر ویکیسینیشن ہدف کی حصولی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز و دیگر متعلقہ اداروں کے اہداف کی حصولی کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کے شرکاء سمیت تمام ضلعی افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران روزانہ کی بنیاد پر ویکسینیشن مہم سے متعلق اجلاس بلایا کریں اور رپورٹ چیف سیکرٹری آفس ارسال کیا کریں۔

 

دریں اثناء چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے حالیہ مون سون بارشوں کے حوالے سے بھی اجلاس کی صدارت کی۔ انہوں نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو حالیہ مون سون بارشوں کے دوران پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائڈنگ کی اطلاعات کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بارش کے باعث سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی جیسی صورتحال سے بروقت نمٹنے کے لیے چوبیس گھنٹے تیار رہیں۔ ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شاہراوں کی بحالی کے لئے فوری اور بروقت اقدامات اٹھائیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
63913