Chitral Times

Jul 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبہ کی بزنس کمیونٹی، تاجرتنظیموں، آرٹسٹ، اقلیتی برادری ومختلف مکاتب فکر کا متفقہ طور پرگورنر غلام علی کی تاج پوشی کی

Posted on
شیئر کریں:

صوبہ کی بزنس کمیونٹی، تاجرتنظیموں، آرٹسٹ، اقلیتی برادری ومختلف مکاتب فکر کا متفقہ طور پرگورنر غلام علی کی تاج پوشی کی

ملک بھر بالخصوص صوبہ بھر کی بزنس کمیونٹی، چیمبرز اور پشاورشہر کی تعمیروترقی کی شاندار خدمات پر گورنرکو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، مقررین

شہر پشاور کی تاریخی خدمت کا سہرا اہالیان پشاور کے سرہے جنہوں نے ہمیں ہر وقت عزت دی،بلاامتیاز خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے، گورنر حاجی غلام علی

پشاور( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنرخیبرپختونخواحاجی غلام علی کی ملک بھر بالخصوص صوبہ بھر کی بزنس کمیونٹی، صوبے کے چیمبرز، پشاور شہر کی تاریخی و تعمیری ترقی اور پشاور شہر کے عوام کی 40سالہ بے لوث خدمت کے اعتراف میں ان کی تاجپوشی کی ایک پروقار تقریب پشاور کی ایک مقامی شادی ہال میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر صوبہ کی بزنس کمیونٹی، تاجر تنظیموں، آرٹسٹ، اقلیتی برادری سمیت تمام مکاتب فکر نے متفقہ طور پر ان کی تاج پوشی کی اور گورنر حاجی غلام علی کو بطور گورنر اور بحیثیت کونسلر، ناظم، سینیٹر، صدر فیڈریشن پاکستان چیمبرآف کامرس اینڈانڈسٹری، 51 ملکوں پرمشتمل اسلامی چیمبرآف کامرس اور 8 ملکوں پر مشتمل سارک چیمبر شاندار خدمات پر تاج پہنایاگیا۔ اس سے قبل حاجی غلام علی کوشاندار خدمات پر حکومت پاکستان نے ستارہ امتیاز سے بھی نوازاتھا۔ تاجپوشی تقریب میں میئرپشاور حاجی زبیرعلی، سابق نگران صوبائی وزیر عدنان جلیل، صدر مردان چیمبرآف کامرس طاہر شاہ، صدر سوات چیمبرآف کامرس راحت علی خان، صدر ایبٹ آباد چیمبرعبدالرشید، صدر نوشہرہ چیمبر زرعالم خان، چیئرمین اے پی سی ای اے منہاج باچا، معمور خان، صدر باجوڑ چیمبر آف کامرس حاجی لعلی شاہ، صدر بزنس کمیونٹی خیبرپختونخوا ملک مہر الہی، چیئرمین انجمن تاجران شوکت علی،حاجی جلیل جان، پشاور سمیت صوبہ بھر کی منتخب بلدیاتی نمائندوں سمیت بزنس کمیونٹی، مختلف چیمبرز کے صدور، ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں، فنکار اور کثیرتعداد میں عوام نے شرکت کی۔

 

گلبہار پشاور میں تاج پوشی کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے ملک مہرالہی، سیدصفدر زمان شاہ، شوکت علی،ریاض خٹک اور صوبہ کے دیگر چیمبرکے صدور، بزنس کمیونٹی کے مشران نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پورے صوبہ اور بالخصوص ملک بھر کی بزنس کمیونٹی، چیمبرز اور پشاور کی تعمیروترقی پر ان کے شاندار خدمات کو نہ صرف خراج تحسین پیش کرتے ہیں بلکہ پشاور کے عوام آج بھی ان کو فرزند پشاور سمجھتے ہیں۔ جوخدمات انہوں نے انجام دیں وہ نہ صرف ان کے لئے بلکہ ہم سب کیلئے فخر کاباعث ہیں اور اب ان کا برخوردار میئرپشاور حاجی زبیرعلی کوانہی کی خدمات کو مدنظررکھتے ہوئے پشاور کے غیور عوام نے بھاری اکثریت سے منتخب کیا اور وہ بھی والد کے نقش قدم پرچلتے ہوئے پشاور کی خدمت میں پیش پیش ہے۔ قلیل مدت میں انہوں نے ترقیاتی کام کئے جس کی مثال نہیں ملتی ہم سب ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور آج گورنر اوران کا برخوردار پشاور کے عوام انہیں اپنا بیٹا، بھائی، بزرگ سمجھتے ہیں،امید ہے خدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور صوبہ بھر کی تاجر تنظیموں اور پشاور کے عوام سے ان کا رشتہ مضبوط ہوتارہے گا۔ تقریب سے میئر پشاور حاجی زبیر علی نے بھی خطاب کیا۔

 

اس موقع پر گورنرنے کہاکہ پشاور کو اپنا گھر سمجھتاہوں ا س کی ترقی اپنا فرض سمجھا، پشاور کے عوام، بزنس کمیونٹی اور صوبہ بھر کی تاجربرادری، چیمبرز نے ہماری حوصلہ افزائی کی اور یہی وجہ ہے کہ ان کے خلوص، محبت نے ہمیں طاقت وقوت عطاء کی اور ہم نے اس شہر پشاور کی تاریخی خدمت کی جس کا سہرا میرا نہیں بلکہ اہلیان پشاور کے سرہے جنہوں نے ہمیں ہر وقت عزت دی اورمیرے برخوردار کو بھی میئرپشاور منتخب کیا۔ انہوں نے کہاکہ یہ تاج جو مجھے آج پہنایاگیا یہ صوبہ بھر، پشاور کی تاجربرادری اور پشاور کے عوام کا ہے اور انشاء اللہ میں اور میرا برخوردار اور پورا خاندان خدمت کاسلسلہ جاری رکھے گا، سب سے بڑا رشتہ ہماراآپس کا خلوص اور محبت ہے، اہلیان پشاور اور تاجر برادری نے خلوص نیت سے عزت بخشی اور تعاون کیا۔ گورنرنے کہاکہ ملک کو معاشی مسائل سے نکالنے کیلئے امپورٹڈ اشیاء سے کچھ عرصہ پرہیز کرنا ہو گا، ملکی معیشت مستحکم کرنے کیلئے اپنے وسائل پر توجہ دینا ہو گی،صنعت و تجارت کی ترقی کیلئے تمام مشکلات کا خاتمہ یقینی بنائیں گے۔بانی و چیئرمین الپشاور ی ایسوسی ایشن سہیل اسد اوردیگرآرٹسٹوں نے کہاکہ گورنر حاجی غلام علی نے عوام کی خدمت کے ساتھ آرٹسٹس کی خدمت میں بھی کوئی کسر نہیں چھوڑی اور ہمارے ساتھ رہے۔ انہوں نے کہاکہ حاجی غلام علی کو خدانے وہ صلاحیت دی کہ وہ جس کے ساتھ جائے وہ کہتاہے کہ یہ میرا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تاج پوشی پر ہر کوئی ان کو اپنا نمائندہ سمجھتاہے۔ بانی و چیئرمین الپشاور ی ایسوسی ایشن سہیل اسد نے گورنر کو اس موقع مبارکباد بھی پیش کیں اور صوبہ کی بزنس کمیونٹی، چیمبرز کے صدور، تاجربرادری، ایف پی سی سی آئی کے نمائندوں اور عوام کی کثیرتعداد میں شرکت پر خوشی کا اظہارکیا۔

chitraltimes governor kp tajposhi peshawar 2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
81675