صوبہ بھر میں ریٹائرڈ سرکاری ملازمین اور بیواؤں کو فنڈ کی بروقت ادائیگی کیلئے آن لائن سسٹم کا آغاز
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ ) صوبائی بنولنٹ فنڈ سیل کے ترجمان آصف حسین اعوان کے مطابق صوبائی بنولنٹ فنڈ نے صوبہ بھر میں ریٹائر ڈ سرکاری ملازمین اور بیواؤں کو فنڈ کی بر وقت ادائیگی کے لئے آن لائن سسٹم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس ضمن میں گذشتہ روز ایک تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بنولنٹ فنڈ سیل خیام حسن نے بتایاکہ پہلے مرحلے میں سکیل 16 اور اس سے اوپر کے ملازمین کو فنڈ کی آن لائن ادائیگی کے لئے نئے نظام کو صوبائی بنولنت فند میں متعار ف کر وایا گیا اور اب اس کا دائرہ کار تمام اضلاع تک بڑھایا جارہا ہے۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری بنولنٹ فنڈ سیل نے مزید بتایا کہ اس نظام کے اجراء کے بعد ریٹائرڈ ملازمین اور بیواؤ ں کودفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے اور آن لائن سسٹم کے تحت تمام رقوم ان کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جائیں گی۔انہوں نے تمام اضلاع سے آئے ہوئے ملازمین کواپنا کام محنت اور جانفشانی سے انجام دینے کی تاکید کی اور کہا کہ فنڈز ریلیز کر دئیے گئے ہیں اب تمام رقوم متعلقہ افراد کو جلد از جلد فراہم کی جانی چاہیےے اور اس سلسلے میں کو ئی سستی براداشت نہیں کی جائے گی۔ واضح رہے کہ سکیل16اور اس سے اوپر کے ملازمین کے کیسز صوبائی بنولنٹ فنڈ کرتا ہے جبکہ سکیل 1تا15 کے ملازمین کے فنڈز ضلعی بنولنٹ فنڈ بورڈز کے ذریعے تقسیم کئے جاتے ہیں۔ورکشاپ کے اختتام پر تمام ضلعی ملازمین کو سرٹیفیکٹ دئیے گئے جبکہ ضلع دیر بالا کو مالی سال 2018-19میں بہتر کارکردگی دکھانے پر تعریفی سرٹیفیکیٹ بھی دیا گیا ہے۔