Chitral Times

Jan 16, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس, مختلف اضلاع میں آٹھ ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے اور ہسپتالوں میں ٹی ایم اوز کے ماہانہ معاوضے میں اضافے کی منظوری 

Posted on
شیئر کریں:

صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس, مختلف اضلاع میں آٹھ ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے اور ہسپتالوں میں ٹی ایم اوز کے ماہانہ معاوضے میں اضافے کی منظوری

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبرپختونخوا کے نگران وزیر برائے اسٹیبلشمنٹ، ایڈمنسٹریشن اور بین الصوبائی رابطہ سید مسعود شاہ کی زیر صدارت نگران صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا. اجلاس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، انتظامی سیکرٹریوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی. اجلاس میں مختلف اضلاع میں آٹھ ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے اور ہسپتالوں میں ٹی ایم اوز کے ماہانہ معاوضے میں اضافے سے متعلق تجاویز شامل تھیں. صوبائی نگران کابینہ کے خصوصی اجلاس کے بعد سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم وزیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور نے کہا کہ ٹرینی میڈیکل ڈاکٹرز ہماری ا ہم طاقت ہیں۔ ان کی ڈیمانڈ تھی کہ ان کا معاوضہ دیگر صوبوں کے برابر لایا جائے۔ کابینہ نے آج ان کی تنخواہوں میں دس فیصد کے اضافے کی منظوری دیدی ہے۔ صوبے کے معاشی حالات میں اتنا ہی اضافہ ممکن تھا، انشااللہ جب حالات بہتر ہونگے تو ان کی تنخواہوں میں مزید اضافہ بھی کیا جائیگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈاکٹرز کمیونٹی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے حق کے حصول کیلئے مفاہمت کی راہ اپنائی۔ہماری خواہش تھی کہ یہ اضافہ تیس فیصد ہو لیکن صوبے کی معاشی حالات میں دس فیصد ہی ممکن ہے۔سیکرٹری ہیلتھ محمود اسلم وزیر نے اس موقع پر بتایا کہ 2017 سے لیکر اب تک ان ٹرینی میڈیکل آفیسر کی تنخواہوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا تھا۔صوبے میں خُناق وباء کے صورتحال بارے میں نگران مشیر صحت کا کہنا تھا کہ صوبے میں خُناق وبا کی صورتحال پر محکمہ صحت پوری طرح چوکنا ہے۔ اس ضم میں صوبہ بھر میں اب تک مریضوں کی تعداد 269 ہے۔ اگر والدین بروقت اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگواتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ سیکرٹری ہیلتھ نے اس موقع پر بتایا کہ صوبے کے پاس اینٹی Diphtheria سیرم کی وافر مقدار موجود ہے۔ ایم ٹی آئیز اور ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کو اس سلسلے میں آئسولیشن وارڈز بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ یہ متعدی بیماری ہے جو کہ ایک متاثرہ شخص سے دوسرے تک پھیلتی ہے۔ بدقسمتی سے خناق سے اب تک سترہ افراد جان کی بازی ہار چُکے ہیں۔نگران مشیر صحت نے بتایا کابینہ نے آوٹ سورس ہسپتالوں کو میرٹ اور قانون کے مطابق چلانے پر زور دیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
81523