Chitral Times

Sep 14, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی دارلحکومت پشاور میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے رنگ روڈ سمیت دیگر اہم سڑکوں پر انڈر پاسسز / فلائی اوورز تعمیر کرنے کا فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

صوبائی دارلحکومت پشاور میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے رنگ روڈ سمیت دیگر اہم سڑکوں پر انڈر پاسسز / فلائی اوورز تعمیر کرنے کا فیصلہ

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور کی زیر صدارت پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے)کے بورڈ کا 11واں اجلاس جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاو س پشاور میں منعقد ہوا جس میں 33 نکاتی ایجنڈے پر غور وخوص کے بعد اہم فیصلے کئے گئے۔ اجلاس میں صوبائی دارلحکومت پشاور میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے رنگ روڈ سمیت دیگر اہم سڑکوں پر انڈر پاسسز / فلائی اوورز تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر آٹھ انڈر پاسسز/ فلائی اوور تعمیر کئے جائیں گے۔ تین انڈرپاسسز / فلائی اوور رنگ روڈ کے مختلف مقامات جبکہ پانچ انڈر پاسسز شہر کے اندر مختلف مصروف مقامات پر تعمیر کئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان، مئیر پشاور حاجی زبیر علی کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور بورڈ اراکین نے اجلاس میں شرکت کی۔

 

بورڈ اجلاس میں رنگ روڈ کی کشادگی اور بحالی کے کاموں کی منظوری کے ساتھ ساتھ پی ڈی اے کے زیر انتظام چلنے والے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن سے پی ڈی اے کو بجلی کے بلوں کی مد میں سالانہ 81 کروڑ روپے کی بچت ہو گی۔ بورڈ نے ریگی للمہ ماڈل ٹاون میں پی ڈی اے کے سب آفس جبکہ ٹاون میں ایجوکیشن کمپلیکس کے قیام کیلئے ایکشن پلان کی بھی منظوری دے دی ہے۔بورڈ نے پی ڈی اے ایکٹ 2017 کے تحت مختلف رولز اینڈ ریگولیشنز کی مشروط منظوری دے دی ہے جبکہ صوبائی وزیر بلدیات کی سربراہی میں تشکیل کردہ کمیٹی 14 دنوں میں ان رولز اینڈ ریگولیشنز کا باریک بینی سے جائزہ لے کر انہیں حتمی شکل دے گی۔ بورڈ اجلاس میں پی ڈی اے کی زمینوں پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہائی رائز بلڈنگز کی تعمیر کیلئے مجوزہ ایکشن پلان کی بھی مشروط منظوری دی گئی ہے۔بورڈ نے فرانزک سائنس لیبارٹری کے قیام کیلئے محکمہ داخلہ کو حیات آباد میںدرکار زمین فراہم کرنے جبکہ ریگی ماڈل ٹاو ن میں پیر ا پلیجک سنٹر کے قیام کیلئے محکمہ صحت کو درکار زمین دینے کی منظوری دے دی ہے۔

 

وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈا پور نے پشاور موٹروے تا حیات آباد جی ٹی روڈ پر سنٹرل میڈیا پر سولر لائٹس کی تنصیب اور سنٹرل میڈیا کی تزئین و آرائش کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ بی آر ٹی کے گرے اسٹرکچر کی تزئین و آرئش اور بیوٹیفکیشن کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے پی ڈی اے کے تمام انفراسٹرکچر کی شمسی توانائی پر منتقلی کیلئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ڈی اے کے زیر انتظام سڑکوں کی مرمت اور دیکھ بھال کا خصوصی انتظام کیا جائے ، صوبائی دارلحکومت پشاور میں پی ڈی اے اور دیگر شہری سہولیات فراہم کرنے والے اداروں کے دائرہ کار کا واضح تعین کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو نیو پشاور ویلی منصوبے پر پیشرفت کیلئے ایک مہینے میں پلان پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 

 

دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے جمعرات کے روز ایرانی قونصلیٹ جنرل پشاور کا دورہ کیا اور ڈپٹی قونصل جنرل حسین مالیکی سے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی قونصل جنرل سے گزشتہ روز ایران میں پیش آنے والے ہیلی کاپٹر حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے رفقاءکی شہادت پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے صدر ابراہیم رئیسی اور ان کے ساتھیوں کی مغفرت کےلئے دعا کی اور کہا کہ وہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام کی طرف سے سوگوار خاندانوں اور ایرانی عوام کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، اس المناک حادثے میں ایرانی صدر اور ان کے رفقاءکی شہادت پر دلی صدمہ ہوا،ایرانی حکومت اور عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں، خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک کے عوام اس افسوسناک حادثے پر سوگوار اور غمزدہ ہیں۔وزیر اعلیٰ نے نئے ایرانی صدر کےلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ ایرانی قونصل جنرل نے تعزیت اور اظہار ہمدردی کےلئے تشریف لانے پر وزیر اعلیٰ اور ان کے رفقاءکا شکریہ ادا کیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
89314