Chitral Times

May 15, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت کے یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت مختلف شعبہ جات بشمول آرٹیفیشل اینٹیلجنس دو ہزار سے زائد نوجوانوں نے بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ مکمل کرلی، وزیراعلیٰ نے سرٹفیکیٹس تقسیم کی

Posted on
شیئر کریں:

صوبائی حکومت کے یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت مختلف شعبہ جات بشمول آرٹیفیشل اینٹیلجنس، گیم ڈیویلپمنٹ، کلاﺅڈ کمپیوٹنگ، اینیمیشن اور ویب ڈیویلپمنٹ میں دو ہزار سے زائد نوجوانوں نے بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ مکمل کرلی، وزیراعلیٰ نے سرٹفیکیٹس تقسیم کی

پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز )  جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی اسکلز کے ذریعے نوجوانوں کو با روزگار بنانے کے لئے خیبر پختونخوا حکومت نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ صوبائی حکومت کے یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت مختلف شعبہ جات بشمول آرٹیفیشل اینٹیلجنس، گیم ڈیویلپمنٹ، کلاﺅڈ کمپیوٹنگ، اینیمیشن اور ویب ڈیویلپمنٹ میں دو ہزار سے زائد نوجوانوں نے بین الاقوامی معیار کی ٹریننگ مکمل کرلی ہے۔ اسی طرح صوبائی حکومت کے ڈیجیٹل انٹرنشپ پروگرام کے تحت  180 نوجوانوں نے  انٹرنشپ بھی مکمل کرلی ہے جنہیں مختلف آئی ٹی کمپنیوں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں آن بورڈ کر لیا گیا ہے۔ تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کو اسناد دینے کی تقریب گذشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔
 صوبائی کابینہ اراکین مینا خان آفریدی اور شفقت ایاز کے علاو¿ہ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ،سیکرٹری ایس ٹی اینڈ آئی ٹی امجد علی خان، محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دیگر حکام اور طلبہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے تربیت مکمل کرنے والے طلبہ کو سرٹیفیکیٹس سے نوازا۔ واضح رہے ، صوبائی حکومت کے ڈیجیٹل انٹرنشپ پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 2200 سے زائد نوجوانوں کو نامور آئی ٹی کمپنیوں میں آن بورڈ کیا گیا ہے جبکہ ان نوجوانوں میں سے اب تک 67 فیصد نوجوان مختلف آئی ٹی کمپنیوں میں ملازمتیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا کسی بھی حکومت کی اہم ذمہ داری ہوتی ہے، اگر حکومت سب کو سرکاری ملازمتیں نہیں دے سکتی تو کم از کم  ان کے لئے نجی شعبے میں مواقع ضرور پیدا کر سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ موجودہ دور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا دور ہے اور اس شعبے میں روزگار کے بے شمار مواقع موجود ہیں۔ ہماری حکومت شروع دن سے نوجوانوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں جدید ڈیجیٹل اسکلز سکھانے کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے جس کا واحد مقصد نوجوانوں کو جاب مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق جدید ٹریننگ دینا ہے۔ یہ نوجوان صوبے کی ڈیجیٹل ورک فورس میں اہم اضافہ اور صوبے کی ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ میں انتہائی کارآمد ثابت ہو رہے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اسکلز کے ذریعے نوجوان گھر بیٹھ کر دنیا کے کسی بھی ملک کے ساتھ آن لائن کام کر سکتے ہیں۔ہماری حکومت نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ انہیں خود مختار اور حقیقی اثاثہ بنایا جاسکے۔
 وزیراعلیٰ نے مزید کہاکہ آئی ٹی شعبے سے وابستہ نوجوانوں کے لیے خوشخبری ہے کہ زیر تعمیر ڈیجیٹل سٹی ہری پورکا منصوبہ اسی سال ہی مکمل ہو جائیگا۔ ہم دیگر شعبوں میں بھی نوجوانوں کو با روزگار بنانے کے لئے جدید تربیت فراہم کر رہے ہیں، نوجوان ان مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھا کر نہ صرف اپنے لئے روزگا کمائیں بلکہ صوبے کی معیشت کو مضبوط کرنے میں بھی کردار ادا کریں۔
chitraltimes kp youth program cm kp distributes certificates among IT students 2

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا بلوچستان کے علاقہ مچھ میں دہشتگردوں کے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے بلوچستان کے علاقہ مچھ میں دہشتگردوں کے سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر آئی ای ڈی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور حملے میں سات سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر عقیدت کا اظہار کیا ہے۔ منگل کے روز یہاں سے جاری اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور دے رہے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ ہم ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر دشمن کے عزائم کو ناکام بنائے گی۔

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
102150