Chitral Times

Dec 11, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت کا دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس اور دیگر سرکاری اہلکاروں کے ورثاءکو صوبائی حکومت کی مختلف ہاﺅسنگ سکیموں میں پلاٹس دینے کا اُصولی فیصلہ

Posted on
شیئر کریں:

صوبائی حکومت کا دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس اور دیگر سرکاری اہلکاروں کے ورثاءکو صوبائی حکومت کی مختلف ہاﺅسنگ سکیموں میں پلاٹس دینے کا اُصولی فیصلہ

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور نے دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس اور دیگر سرکاری اہلکاروں کے ورثاءکو صوبائی حکومت کی مختلف ہاﺅسنگ سکیموں میں پلاٹس دینے کا اُصولی فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو شہداءکے ورثاءکا ڈیٹا مرتب کرنے اور جزیات طے کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ صوبائی حکومت کی مختلف ہاﺅسنگ سکیموں میں پہلے سے دستیاب 500 پلاٹس قرعہ اندازی کے ذریعے دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس اور دیگر سرکاری اہلکاروںکے ورثاءکو دیئے جائیں گے ۔ وہ بدھ کے روز محکمہ ہاﺅسنگ کے پہلے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ہاﺅسنگ امجد علی کے علاوہ وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری ہاﺅسنگ ڈاکٹر عنبرعلی خان کے علاوہ ڈائریکٹر جنرل پراونشل ہاﺅسنگ اتھارٹی عمران وزیر اور دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس میں صوبے میں ہاﺅسنگ سکیموں اور رہائشی فلیٹس کی تعمیر کے جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ ہاﺅسنگ سوسائٹیز اور فلیٹس کے قیام کیلئے محکمہ ہاﺅسنگ کو زمینوں کی فراہمی سے متعلق کابینہ کے فیصلوں پر فوری عمل درآمد کیا جائے اور جن اضلاع میں ہاﺅسنگ سوسائیٹز کی ضرورت ہے وہاں پر موزوں جگہوں کی نشاندہی کی جائے ۔اُنہوںنے مزید کہاکہ صوبے میں ہاﺅسنگ کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ماڈل اپنایا جائے ، صوبے کی آمدن میں اضافے اورسرکاری زمینوں کے بہتر استعمال کیلئے ایسٹس مینجمنٹ کمپنی کے قیام پر کام تیز کیا جائے ۔ اُنہوںنے ہدایت کی کہ مذکورہ کمپنی کو موثر بنانے کیلئے اس میں تمام متعلقہ محکموں کی رکنیت کو یقینی بنایا جائے ۔ علی امین گنڈا پور نے اپنی گفتگو میں کہاکہ متوسط اور غریب طبقے کو رہائشی سہولیات کی فراہمی موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اس مقصد کیلئے اگلے مالی سال کے بجٹ میں تین ارب روپے کا فنڈ مختص کیا گیا ہے جبکہ اس فنڈز سے لوگوں کو اپنے گھروں کی تعمیر کیلئے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔

اجلاس کو خیبرپختونخوا ہاﺅسنگ اتھارٹی کے تحت ہاﺅسنگ سکیموں کے جاری اور مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ہاﺅسنگ اتھارٹی کے اپنے وسائل سے صوبے میں سات منصوبوں پر کام جاری ہے ، ان منصوبوں کی مجموعی لاگت46 ارب روپے ہے اس کے علاوہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت پانچ سکیموں پر کام جاری ہے جن کی مجموعی لاگت چار ارب روپے سے زائد ہے ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں ہاﺅسنگ کے آٹھ نئے منصوبے شروع کرنے کی تجویز ہے جن کا مجموعی تخمینہ لاگت88 ارب روپے ہے ۔

 

 

chitraltimes cm ali amin gandapur chairing policy board meeting of kp revenue authority

خیبر پختونخوا ریوینیو اتھارٹی کے پالیسی بورڈ کا تیسرا  اجلاس

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت خیبر پختونخوا ریوینیو اتھارٹی کے پالیسی بورڈ کا تیسرا  اجلاس بدھ کے روز وزیر اعلیٰ ہاو س پشاور میں منعقد ہوا جس میں  مالی سال 2024-25 کے دوران اتھارٹی کے لیے 47 ارب روپے ریوینیو اکٹھا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہےجبکہ نئے مال سال کے لئے ریونیو اتھارٹی کے بجٹ تخمینہ جات کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

اجلاس میں متعلقہ کابینہ اراکین نذیر عباسی، میاں خلیق الرحمان ، مزمل اسلم کے علاوہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز اور دیگر بورڈ ممبران نے بھی  شرکت کی۔اجلاس میں بورڈ کے گذشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے علاوہ صوبائی حکومت کی آمدن بڑھانے کے لئے ریونیو اتھارٹی کے اقدامات ، کامیابیوں اور دیگر امور پر بریفنگ بھی دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے لئے ریونیو اتھارٹی کو 35 ارب روپے ریونیو کا ٹارگٹ ملا تھا جس کے مقابلے میں ریونیو اتھارٹی نے رواں مالی سال کے دوران اب تک 37 ارب روپے ریوینیو اکٹھا کر لیا ہے۔

بورڈ اجلاس میں دیگر ایجنڈا آئٹمز کے ساتھ ساتھ ریونیو اتھارٹی کے مختلف مجوزہ ریگولیشنز کی بھی مشروط منظوری دی گئی ہے۔وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کے جملہ معاملات میں شفافیت اور استعداد کو بڑھانے کے کے لئے انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کیا جائے جبکہ ڈیجیٹائزیشن کے عمل میں ان علاقوں کو پہلی ترجیح دی جائے جہاں سے زیادہ ریونیو اکھٹا ہوتا ہے۔ریونیو اتھارٹی کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے خالی آسامیوں کو پر کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
89528