صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے موڑکہو روڈ اور بونی پل تا گیسٹ ہاوس روڈ سمیت 6 منصوبوں کی منظوری دیدی،
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے صوبے کی ترقی کے لئے 11531.707 ملین روپے لاگت کے 6 منصوبوں کی منظوری دی ہے۔ یہ منظوری جمعرات کے روزپی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ شہاب علی شاہ نے کی۔ اجلاس میں پی ڈی ڈبلیو پی کے ممبران اورمتعلقہ انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی ترقی کیلئے مختلف شعبوں بشمول اعلیٰ تعلیم ،صحت، شہری ترقی اورسڑکوں سے متعلق 11 منصوبوں پرتفصیلی غور خوص کے بعد 6 منصوبوں کی منظوری دی گئی جبکہ پانچ منصوبوں کوغیر مناسب ڈیزائن کی وجہ سے مؤخر کردیاگیا۔اس موقع پر اعلیٰ تعلیم کے شعبے کے پراجیکٹ ’’مردان میں وومن یونیورسٹی کے قیام اور شہری ترقی کے شعبے کے پراجیکٹس ‘ڈبلیو ایس ایس پی کی حدود کے اندر پانی کی فراہمی اورنکاسی اب کے انفراسٹرکچر کی بحالی اور تعمیر اور دفتر کی عمارت کی تعمیر کی منظوریاں دی گئیں۔ اسی طرح سڑکوں کے شعبے میں منظورکردہ منصوبوں میں’’تحصیل مستوج ضلع چترال میں نامکمل ملکوہ روڈ، بونی پل سے بونی بازار براستہ گورنمنٹ گیسٹ ہاؤس ،سٹرک کی تعمیر / بحالی/ توسیع و تکمیل اورضلع دیرپائین میں بلامبٹ تیمرگرہ سے کلپانی میدان رابطہ سڑک کی تعمیر ، اللہ داد خیل سے موضع کانی تحصیل شبقدر، ضیام ریسٹ ہاؤس سے سلگرے سے براستہ گڈ کلی چوک شمس آبادموضع چینہ سے دلدار گڑھی ،یونین کونسلز ضیام ،شیرپاؤ چارسدہ(12 کلومیٹر )سڑکوں کی فیزیبلٹی سٹڈی ،ڈیزائن/ بحالی اوردوبارہ تعمیر ،جنوبی رابطہ سڑک (سرکولر روڈ) بنوں کی فیز ایبلٹی سٹڈی اور تعمیر شامل ہیں۔