
صدر مملکت نے زچگی اور پدریت کی چھٹی کے بل کی توثیق کردی، خواتین ملازمین کے ساتھ مرد ملازمین پوری سروس کے دوران تین مرتبہ صرف 30 دن کی چھٹی لے سکیں گے
صدر مملکت نے زچگی اور پدریت کی چھٹی کے بل 2023 کی توثیق کردی، خواتین ملازمین کے ساتھ مرد ملازمین پوری سروس کے دوران تین مرتبہ صرف 30 دن کی چھٹی لے سکیں گے
اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے زچگی اور پدریت کی چھٹی کے بل 2023 کی توثیق کردی۔ بل کے تحت وفاقی حکومت کے اداروں کی خواتین ملازمین سروس میں تین مرتبہ مکمل تنخواہ کے ساتھ زچگی کیلئے چھٹی لے سکیں گی۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق خواتین ملازمین پہلی دفعہ 180 دن، دوسری دفعہ 120 دن اور تیسری دفعہ 90 دن کی زچگی کی چھٹی لے سکیں گی۔ مرد ملازمین پوری سروس کے دوران تین مرتبہ صرف 30 دن کی چھٹی لے سکیں گے۔ قانون کا اطلاق وفاقی حکومت کے زیرانتظام تمام سرکاری اور نجی اداروں پرہوگا۔ خلاف ورزی کی صورت میں 6 ماہ تک قید یا ایک لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی۔ صدر مملکت نے بل کی توثیق آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت کی ہے۔
صدر مملکت نے تربیت یافتہ پیرا میڈیکل سٹاف کی سہولت کے بل 2023 کی توثیق کر دی
اسلام آباد(سی ایم لنکس)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تربیت یافتہ پیرا میڈیکل سٹاف کی سہولت کے بل 2023 کی توثیق کردی جس کے تحت اسلام آباد کے سرکاری اور نجی سکولوں میں بچوں کو ابتدائی طبی امداد دینے کیلئے تربیت یافتہ پیرا میڈکل سٹاف کی دستیابی لازمی قرار دی گئی ہے۔ منگل کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق اسلام آباد کے تمام نجی سکول اپنے احاطے میں حسب ضرورت بچوں کو میڈیکل امداد کی فراہمی کیلئے پیرا میڈیکل سٹاف کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔وفاقی حکومت تمام سرکاری سکولوں میں حسبِ ضرورت بچوں کو میڈیکل امداد کی فراہمی کیلئے پیرا میڈیکل سٹاف کی دستیابی یقینی بنائے گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں پہلی وارننگ کے بعد ایک لاکھ تک جرمانہ اور بعد میں 6 ماہ تک قید کی سزا دی جا سکے گی۔صدر مملکت نے بل کی توثیق آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت کی ہے۔