صدر آل ٹیچرز ایسوسی ایشن کی منیجمنٹ کیڈر کے افسران کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) آل ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع چترال کے صدر مظفر الدین نے منیجمنٹ کیڈر سے تعلق رکھنے والے افسران کے ساتھ مکمل یکجہتی کرنے اور ان کی ہر فورم اور ہر موقع پر حمایت کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لئے ہرممکن قربانی دینے کے عزم کا اظہارکیا ہے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ 1973ء کے آئین کے مطابق انتظامی کیڈر کے افسران کا بنیاد ی حق بنتا ہے کہ وہ بھی دوسرے افسران کے ہم پلہ ترقی کے مواقع حاصل کریں اور ان کے ساتھ کسی قسم کی امتیازی سلوک نہ ہو۔ ان کا کہنا تھاکہ حال ہی میں محکمے کے سینکڑوں تدریسی کیڈر کے افسران کو ترقی مل گئی مگر اپنی قابلیت کے بل بوتے پر پبلک سروس کمیشن کے معیاری اور مشکل امتحان کو پاس کرکے آنے والے انتظامی کیڈر افسران کی امیدوں پر پانی پھیر دیا گیا جوکہ ان کے ساتھ سراسر نا انصافی اور ظلم ہے اور اساتذہ برادری کو بھی اس سے دکھ پہنچا ۔ انہوں نے کہاکہ اساتذہ ہر مرحلے میں اور ہر امتحان میں ان کے شانہ بشانہ ہوں گے۔