صدر آصف زرداری اور محسن نقوی کا تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ
صدر آصف زرداری اور محسن نقوی کا تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اپنی تنخواہیں نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ایوانِ صدر کے پریس ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر ِمملکت نے فیصلہ درپیش معاشی چیلنجز کے پیش ِنظر کیا۔صدر آصف زرداری کے فیصلے کا مقصد ملک میں دانشمندانہ مالیاتی انتظام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ صدر مملکت نے قومی خزانے پر بوجھ نہ ڈالنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تنخواہ نہ لینے کو ترجیح دی۔دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ الحمدللہ، وفاقی وزیر داخلہ کی حیثیت سے قوم کی خدمت کرنے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اس مدت کے دوران اپنی تنخواہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مشکل وقت میں، ہر ممکن طریقے سے اپنی قوم کی خدمت کے لیے پرعزم ہوں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے 8 رکنی قانونی اصلاحات کمیٹی بنا دی
اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کی سربراہی میں 8 رکنی قانونی اصلاحات کمیٹی بنا دی۔ترجمان وزارتِ قانون و انصاف نے کہا کہ قانونی اصلاحات کمیٹی کی سربراہی سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کریں گے، کمیٹی اراکان میں اسحاق ڈار، شاہد حامد، زاہد حامد، مخدوم علی خان اور اٹارنی جنرل شامل ہیں۔اس کے علاوہ صدر سپریم کورٹ بار شہزاد شوکت اور احسن بھون بھی قانونی اصلاحات کمیٹی کا حصہ ہیں۔اس حوالے سے وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ آئینی اور قانونی اصلاحات ایجنڈے میں شامل ہیں، وزیرِ اعظم نے فوجداری اور دیوانی معاملات میں انصاف فراہمی میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے کمیٹی بنائی۔اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ تیز تر انصاف یقینی بنانے کے لیے فوجداری، سول، مالیاتی اور آئینی شعبوں میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کارنامہ، ادھوری چھپائی والے نئے نوٹ جاری کردیے
کراچی( چترال ٹائمزرپورٹ) کراچی کے نیشنل بینک میں انوکھا واقعہ پیش آیا۔ اسٹیٹ بینک نے مس پرنٹنگ والے کرنسی نوٹ بھیج دیے۔بینکوں کو نئے کرنسی نوٹ فراہم ہونے کا انکشاف ہوا ہے جن میں ایک سائیڈ پرنٹ اور دوسری سائیڈ خالی ہے۔ واقعے کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی۔بینک مینیجر نے ویڈیو میں بتایا کہ آج صبح جو کیش آیا ہے،نئے نوٹوں میں ایک سائیڈ پر پرنٹ اور دوسرا سادہ ہے، آج ہی سارے نئے نوٹ آئے ہیں، جن میں سے نہ جانے ایک ہزار کے نوٹوں کی کتنی گڈیاں صارفین کو چلی گئیں۔ ایک صارف نے ایک جانب پرنٹ اور ایک سائیڈ خالی والے کرنسی نوٹ واپس کیے تو علم ہوا۔صارف کی شکایت کے بعد مزید بنڈل چیک کیے تو ایسے مزید نوٹ ملے۔ کرنسی نوٹوں کے پیکٹ میں دو دو نوٹ اسی طرح جڑے ہوئے ہیں۔ترجمان نیشنل بینک کے مطابق ویڈیو کے حوالے سے آپریشن ڈپارٹمنٹ کو مطلع کردیا گیا۔ ادھر ترجمان اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ متعلقہ ڈپارٹمنٹ کو ویڈیو بھیج دی ہے، تفصیلات آنے پر میڈیا سے شیئر کریں گے۔