Chitral Times

Nov 8, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صحت کارڈ کی بائیو میٹرک فعالی کیلئے جلد اسٹیٹ لائف اور نادرہ کے درمیان معاہدہ کیاجائے گا۔ مزمل اسلم

شیئر کریں:

صحت کارڈ کی بائیو میٹرک فعالی کیلئے جلد اسٹیٹ لائف اور نادرہ کے درمیان معاہدہ کیاجائے گا جس کے تحت صحت کارڈ بہت جلد بائیو میٹرک میکنزم کے تحت چلایا جائے گا   جس سے صحت کارڈ کو مزید موثر بنایا جائے گا۔ مزمل اسلم

 

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ مزمل اسلم سے چیف ایگزیکٹو آفیسر اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی شعیب جاوید حسین نے پشاورمیں ملاقات کی۔ اس موقع پرخیبرپختونخوا میں جاری صحت کارڈ کو مزید موثر بنانے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ ملاقات کے دوران ایڈیشنل چیف سیکریٹری پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ و خزانہ خیبرپختونخوا اکرام اللہ خان، کنسلٹنٹ وقاص پراچہ، زونل چیف اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی فیاض نور سمیت صحت کارڈ کے حکام بھی موجود۔ اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کے سی ای او نے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کو بتایا کہ صحت کارڈ کی بائیو میٹرک فعالی کیلئے جلد اسٹیٹ لائف اور نادرہ کے درمیان معاہدہ کیاجائے گا جس کے تحت صحت کارڈ بہت جلد بائیو میٹرک میکنزم کے تحت چلایا جائے گا جس پر مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم کی فعالی سے صحت کارڈ کو مزید موثر بنایا جائے گا تاکہ اس انقلابی منصوبے سے عوام کو مزید بہتر صحت سہولیات میسر ہو سکیں۔

 

مزمل اسلم نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی صحت سہولیات کی بات ہوتی ہے تو صحت کارڈ کو بطور کیس سٹڈی لیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ پلس میں کچھ دیگر بیماریوں کو شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کے ساتھ خیبرپختونخوا کے 10.2 ملین فیملیز رجسٹرڈ ہیں اور رواں سال صحت کارڈ کی مد میں 15 ارب روپے ریلیز کر چکے ہیں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ رواں ہفتہ صحت کارڈ کی مد میں مزید چار ارب روپے جاری کریں گے جس سے صحت کارڈ ریلیز 19 ارب روپے ہو جائے گی۔ ملاقات کے آخر میں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم اور سی ای او اسٹیٹ لائف انشورنس حکام نے صحت کارڈ پلس میں مزید بہتری لانے پر اتفاق کا اظہار کیا۔دریں اثناء مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے وفاقی وزیر خزانہ اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ کے مطابق ایک کاروباری دن کی بندش 190 ارب میں پڑتی ہے جبکہ وفاقی حکومت نے شنگھائی کانفرنس کے لئے 3 دن کی چھٹی کا اعلان کیا ہے اورکانفرنس کے اخراجات کے علاوہ کاروباری بندش کی لاگت 570 ارب روپے ہوگی اوراس سال پہلی بار شہباز شریف نے 28 مئی کو قومی چھٹی دی ہے امید ہے فنانس ڈویژن ان تعطیلات سے بچنے کے لئے حکومت کو مشورہ دے گا۔

 

مشیر صحت احتشام علی کو صحت کی ترقیاتی سکیموں اور بجٹ بارے بریفنگ

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر صحت احتشام علی کو محکمہ صحت میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے چیف پلاننگ آفیسر قیصر عالم نے بریفنگ دی۔مشیر صحت نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں میں پایہ تکمیل کے قریب منصوبوں کی تکمیل کو مقدم رکھنا ہے تاکہ ان کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوجائیں۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ منصوبوں پر کام تیز کیا جائے اور انھیں جلد سے جلد عوام کیلئے کھول دیا جائے تاکہ عوام کے پیسوں پر بننے والے منصوبے عوام کی دسترس میں آجائیں۔ چیف پلاننگ آفیسر نے بتایا کہ محکمہ صحت کے 120 منصوبوں کیلئے 147 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 95 بندوبستی اضلاع کے منصوبوں کیلئے 114 ارب، ضم اضلاع کے 10 منصوبوں کیلئے 12 ارب اور تیز تر ترقیاتی پروگرام کے تحت 15 منصوبوں کیلئے 20 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ ان کے مطابق اب تک ان منصوبوں پر 57 ارب روپے خرچ کئے جاچکے ہیں۔ کچھ منصوبے مکمل ہوچکے ہیں اور افتتاح کیلئے تیار ہیں۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
94132