Chitral Times

Dec 5, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

شجر کاری اور پودے لگانا سنت عمل ہے، اور جنگلات کی حفاظت ہم سب کی زمہ داری ہے, مولانا خلیق الزماں شاہی خطیب

Posted on
شیئر کریں:

شجر کاری اور پودے لگانا سنت عمل ہے، اور جنگلات کی حفاظت ہم سب کی زمہ داری ہے۔ مولانا خلیق الزماں شاہی خطیب

چترال (چترال ٹائمز رپورٹ)خطیب شاہی مسجد چترال مولانا خلیق الزمان کاکاخیل نے کہا ہے کہ شجر کاری اور پودے لگانا سنت عمل ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے نہ صرف اس کی بھرپور حوصلہ افزائی فرمائی ہے بلکہ اپنے مبارک ہاتھوں سے پودے لگا کر اس کی اہمیت کو اپنے عمل سے اجاگر کیا ہے، اسلام کی نگاہ میں درختوں اور جنگلات کی اس قدر اہمیت ہے کہ خلافت راشدہ میں جب سیدنا صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے لشکر اسلام کو اسلام کی سرحدات کی طرف روانہ کیا تو اس بات کی بطور خاص تاکید فرمائی کہ سبزے اور درختوں کو مت اجاڑنا۔ ان خیالات کا اظہار مولانا خلیق الزمان کاکا خیل نے شاہی مسجد چترال میں اجتماع جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مولانا خلیق الزمان کاکا خیل نے عوام الناس سے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلام نے اپنے پیروکاروں کی ذاتی اور انفرادی زندگی سے لیکر اجتماعی اور سماجی زندگی تک ہر ہر قدم پر رہنمائی کی ہے اور زندگی گزارنے کے طور و تہذیب بتلائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تعلیمات اور تہذیب کو اپنانے سے انسان کامل بن جاتا ہے اور وہ دنیا اور اس کی ہر چیز کیلئے نفع رساں بن جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کے طور طریقوں اور سنتوں کے مطابق اپنی زندگی ڈھالیں تو ہمارا ہر قدم عبادت سے عبارت ہو سکتا ہے،

انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں ماحول کی حفاظت،صفائی ستھرائی کی بڑی اہمیت ہے اور راستوں کو صاف رکھنے کے ساتھ ساتھ درختوں اور سبزے کی حفاظت کو بھی انسانیت کی مشترکہ ضرورت بتایا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ قدرتی ماحول کی حفاظت کیلئے درختوں کی حفاظت کرنا اور پودے لگانا بہت ضروری ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اپنے دست مبارک سے شجرکاری فرمائی ہے، اس لیے ہم اگر شجر کاری کریں تو نہ صرف یہ کہ یہ ہمارے ماحول کیلئے فائدہ مند ہوگی بلکہ یہ عبادت میں بھی شمار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حضور صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے اپنے مبارک ہاتھوں سے مدینہ میں حضرت سلمان فارسی رضی اللہ عنہ کے باغ میں سینکڑوں پودے لگائے ہیں۔ اس لیے پودے لگانا اور درختوں کی حفاظت کرنا اسلامی تہذیب کا ورثہ ہے، نہ کہ جنگلات تباہ کرنا اور درختوں کی بے دریغ کٹائی۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا اور ان کی حفاظت کرنا حکومت اور عوام الناس دونوں کا فرض ہے۔ انہوں نے محکمہ جنگلات اور عوام الناس دونوں سے اپیل کی کہ جنگلات کی حفاظت یقینی بنائی جائے اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی کی روک تھام اور آگ سے بچاؤ کے لئے اقدامات کئے جائیں۔

جنگل میں آگ لگنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف درختوں کا ضیاع ہوتا ہے بلکہ ماحولیات پر بھی اس کا برا اثر پڑتا ہے۔
محکمہ جنگلات ،انتظامیہ اور عوام سے اپیل کی کہ وہ جنگلات کے تحفظ کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے کردار ادا کریں۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
89573