سیکرٹری محکمہ سیاحت کی ہوٹلزوریسٹورنٹس کی رجسٹریشن آن لائن کرنے کی ہدایت
آن لائن سسٹم کے تحت کسی بھی جگہ سے آنے والے سیاح کو ہوٹلز ،ریسٹورنٹس اور ٹریول ایجنسی کی تمام سہولیات آن لائن میسرہونگی ، محمد طارق
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) سیکرٹری محکمہ سیاحت ، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ ، میوزیم و امورنوجوانان محمد طارق نے ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز کو صوبہ بھر کے ہوٹلز، ٹریول ایجنسیوں اور ریسٹورنٹس کا تمام ڈیٹا اورمعلومات ایک ماہ کے اندر اندر آن لائن کرنے کی ہدایت کردی ، ان خیالات کا اظہار سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت محمد طارق نے ڈائریکٹر یٹ آف ٹورسٹ سروسز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت توصیف خالد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز محمد عربی ،انچارج مارکیٹنگ اینڈ میڈیا حسینہ شوکت اور ڈی ٹی ایس کا تمام سٹاف موجود تھا، سیکرٹری محکمہ سیاحت محمد طار ق نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز کے ساتھ صوبہ بھر کے رجسٹرڈ تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور ٹریول ایجنسیوں کاڈیٹا آن لائن کیا جائے ، اس سسٹم کے تحت کسی بھی شہر یا ملک سے آنے والے سیاحوں کو ان ہوٹلز میں موجود سہولیات اور دیگر معلومات آن لائن میسر ہونگی جبکہ ڈائریکٹریٹ آف ٹورسٹ سروسز کا انسپکٹر کسی بھی ہوٹل ، ٹریول ایجنسی یا ریسٹورنٹ پر جا کر بھی گلوبل انفارمیشن سسٹم(جی آئی ایس)اور گلوبل پوزیشننگ سسٹم( جی پی ایس) کی معلومات حاصل کرسکے گا، انہوں نے کہاکہ نئے ہوٹلز ،ریسٹورنٹس اور ٹریول ایجنسیوں کی رجسٹریشن اور ان کی تجدید کیلئے درخواست جمع کرانے کی سہولت بھی آن لائن میسر کی جائے تاکہ صوبہ بھر سے باآسانی آن لائن رجسٹریشن کی جاسکے۔