Chitral Times

Oct 13, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سینیٹر مشتاق احمد خان دوسری مدت کے لئے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر منتخب

Posted on
شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے خفیہ رائے دہی کی بنیاد پر اگلے تین سال کے لئے سینیٹر مشتاق احمد خان کو جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کا امیر مقرر کردیا ہے۔ اس بات کا اعلان لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل فرید احمد پراچہ، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور دوسرے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ سینیٹر مشتاق احمد خان پچھلے سیشن (2015-18)جماعت اسلامی کے صوبائی امیر رہے ۔ سینیٹر مشتاق احمد خان زمانہ طالب علمی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی اور بعد ازاں مرکزی ناظم اعلیٰ رہے ، زمانہ طالب علمی کے بعد وہ سابق امیر جماعت اسلامی مرحوم قاضی حسین احمد کے پرسنل سیکرٹری کے طور پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔ وہاں سے فراغت کے بعد انہیں جماعت اسلامی خیبر پختونخوا (اس وقت صوبہ سرحد)کا سیکرٹری جنرل مقرر کیا گیا۔ صوبائی سیکرٹری جنرل کی ذمہ داری ختم ہوئی تو سینیٹر مشتاق احمد خان کو نائب امیر صوبہ مقرر کیا گیا، وہ چھ سال تک جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر رہے۔ اکتوبر 2015ء میں خفیہ رائے دہی کی بنیاد پر وہ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر منتخب ہوئے۔ وہ ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی صدر ہیں جبکہ متحدہ مجلس عمل خیبر پختونخوا کے بھی صوبائی نائب صدر ہیں۔ جماعت اسلامی کے ارکان نے خفیہ رائے دہی کے ذریعے انہیں اگلے سیشن (2018-21) تین سال کے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کا امیر منتخب کیا ہے۔ وہ عنقریب اپنی ذمہ داری کا حلف اٹھائیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
14982