Chitral Times

Apr 18, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سیاحت کیلئے حکومتی اقدامات…………… اُستاد حضرت کریم بمبوریت

Posted on
شیئر کریں:

پاکستان سیاحت کے اعتبار سے دُنیا کے دلکش ممالک میں سے ایک ہے۔ اللہ تعالی نے چار موسم دیے ہیں۔ دُنیا کے تین بلند ترین اہم چوٹیوں اور پہاڑوں سے نوازا ہے۔ گلیشئیر ز، جھیل، دریا، جنگلات، جنگلی حیات، ادویاتی جڑی بو ٹیاں اور پر ند وں کے علاوہ مختلف قدیم تہذیبوں اور ثقافت سے مالا مال کیا ہے۔ یہاں مذہبی، ثقافتی، تجارتی، آثاریاتی، آرکیٹکچر ل، زرعی، معدنیاتی،مہماتی اور کھیلوں کی سیاحت کے مواقع موجود ہیں۔ پاکستان کے لوگوں کی مہمان نوازی بھی مسلمہ ہے خصوصا چترال اور گلگت بلتستان جیسے علاقوں میں قدرتی نظاروں اور پُرامن ماحول کے ساتھ مہمان نوازی اپنی الگ پہچان رکھتی ہے۔ چترال بیرونی دُنیا میں قدیم کالاش تہذیب کی وجہ سے مشہور ہے۔ دُنیا بھر سے سیاح چترال آتے ہیں۔ اور یہاں کے قدرتی نظاروں اور قدیم تہذیب کا لطف اُٹھاتے ہیں۔ اور بعض سیاح باوجودیکہ سڑکوں کی خرابی کے بار بار چترال آتے ہیں۔ اور ہر بار ان کی سیاحتی دلچسپی مزید بڑھ جاتی ہے۔ میں گذشتہ پینتالیس سالوں سے اس شعبے سے وابستہ رہا ہوں۔ اور بطور گائیڈ سیاحوں کی رہنمائی کا کام سرنجام دے چکا ہوں۔ پہاڑوں پر ٹریکنگ سے لے کر صحراؤں اور ساحلوں تک سیاحوں کے ساتھ جانے کا اتفاق ہوا۔ لیکن کسی بھی سیاح نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے یہ نہیں کہا۔ کہ انہوں نے سیاحت کیلئے پاکستان کا انتخاب کرکے غلط فیصلہ کیا تھا۔ بلکہ پاکستان کی سیاحت کو غیر ملکی سیاحوں نے ایک یاد گار اور ناقابل فراموش ٹور کے طور پر یاد کیا ہے۔ جو کہ یہاں کے لوگوں کیلئے ایک اعزاز ہے۔
.
ہمارے ملک میں جس چیز کی کمی محسوس کی جارہی تھی۔ وہ حکومتی سطح پر سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کیلئے اقدامات ہیں۔ سابقہ دو تین حکومتوں کے ادوار میں دہشت گردی کی لہر نے اس پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ اور مقامی لوگ خود غیر محفوظ ہو گئے تھے۔ ایسے میں اُس وقت کے حکومتوں سے اس شعبے کی طرف توجہ دینے کا مطالبہ کرنا ہی بے معنی سی لگ رہی تھی۔ مگر شکر ہے ہماری حکومت،فوج اور عوام نے مل کر بالاخر دہشت گردی کو شکست دی اور ایک مرتبہ پھر ملک اپنے پُر امن ماحول کی طرف واپس لوٹ آیا ہے۔ اور سیاحت کیلئے ماحول سازگار ہو چکا ہے۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ موجودہ وزیر اعظم عمران خان خود فروغ سیاحت میں انتہائی دلچسپی رکھتے ہیں۔ اور اس حوالے سے انہوں نے کئی قابل قدر کام کئے ہیں۔ جس کی وجہ سے سیاحت ترقی کی طرف گامزن ہے۔ ملک میں سیاحت کی ترقی سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مل سکتے ہیں۔ اور ملکی معیشت کے استحکام کیلئے یہ شعبہ انتہائی کامیاب ثابت ہوگی۔ اسلئے یہ ضروری ہے۔ کہ پاکستان کے روشن مستقبل خصوصا سیاحت کو صنعت کا درجہ دینے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت اپنے پانچ سال کی مدت پوری کرے۔ مجھے یقین ہے۔ کہ اس عرصے میں ملکی معیشت صف اول میں کھڑی ہو گی اور خوشحالی پاکستان اور چترال کے قدم چومے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامینTagged
30868