Chitral Times

Jul 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سپریم کورٹ نے ملک میں 8 فروری کے عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے سے متعلق درخواست خارج کر دی

Posted on
شیئر کریں:

سپریم کورٹ نے ملک میں 8 فروری کے عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے سے متعلق درخواست خارج کر دی

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)سپریم کورٹ نے ملک میں 8 فروری کے عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے سے متعلق درخواست خارج کر دی۔عدالت نے درخواست گزار بریگیڈیر (ریٹائرڈ) علی خان کی عدالت میں عدم پیشی کی بنا پر ان پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے کی درخواست پر بدھ کوسماعت کی۔درخواست گزار علی خان گذشتہ سماعت پر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کو حکم دیا تھا کہ وہ درخواست گزار کو عدالت میں پیش کریں۔ اس کے علاوہ رجسٹرار آفس سے بھی کہا گیا تھا کہ وہ درخواست گزار سے رابطہ کرے۔درخواست گزار سابق بریگیڈیئر علی خان بدھ کو بھی عدالت میں پیش نہ ہوئے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ علی خان کے گھر پولیس بھی گئی اور وزارت دفاع کے ذریعے نوٹس بھی بھیجا گیا تاہم وہ گھر پر نہیں تھے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ درخواست گزار سابق بریگیڈیئر ہیں جن کا 2012 میں کورٹ مارشل ہوا تھا۔ چیف جسٹس نے درخواست گزار کی ای میل عدالت میں پڑھ کر سنائی جس میں انہوں نے درخواست واپس لینے کی استدعا کی ہے۔علی خان نے لکھا ہے کہ بیرون ملک ہونے کے وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہوسکتا۔ سپریم کورٹ نے اس درخواست کو خارج قرار دیتے ہوئے درخواست گزار بریگیڈیر (ریٹائرڈ) علی خان کی عدالت میں عدم پیشی کی بنا پر 5 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔

توہین عدالت کیس، ڈی سی اسلام آباد کی غیر مشروط معافی مسترد، بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا

اسلام آباد(سی ایم لنکس)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توہین عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز کی غیر مشروط معافی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے بیرون ملک جانے سے روک دیا۔جسٹس بابر ستار نے پی ٹی آئی رہنما شہریار آفریدی کے خلاف ایم پی او جاری کرنے پر ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کے خلاف اختیارات سے تجاوز اور توہین عدالت کیس کی سماعت کی۔سماعت کے دوران ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن روسٹم پر آ گئے، جسٹس بابر ستار نے کہا کہ آپ کون سا آرڈر سمجھتے ہیں؟ آپ اب دوسرے شوکاز نوٹس کا جواب عدالت میں جمع کروائیں گے، آپ نے 69 ایم پی او آرڈرز جاری کیے ہیں۔ یہ آپ کی احمقانہ حرکت تھی، اس کے نتائج آپ کو بھگتنا ہوں گے۔جسٹس بابر ستار نے ریمارکس دیے کہ کیا ان کے لوگوں کے ماں باپ نہیں تھے، کیا ان لوگوں نے عمرہ پر نہیں جانا تھا؟،غلطی سے لگا تھا کہ آپ سمجھ گئے ہوں گے، یہ کیس صرف آپ کے کنڈکٹ کی وجہ سے چل رہا ہے، یہ کیس آپ کے وکلا کی وجہ سے تاخیر کا شکار رہا ہے۔اس موقع پر ایس ایس پی جمیل ظفر نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ گزشتہ سماعت پر عدالت میں پیش نہ ہونے پر ڈی سی اسلام آباد نے بھی غیر مشروط معافی کی استدعا کی۔عدالت نے دوسرے شوکاز کا پیر تک جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے ڈی سی اسلام آباد کی غیر مشروط معافی کی استدعا مسترد کر دی اور انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
85564