Chitral Times

Apr 29, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سپریم کورٹ نے خصوصی اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کردی، رشوت کی شکایت کی فورا شنوائی  وٹس ایپ نمبر جاری

شیئر کریں:

سپریم کورٹ نے خصوصی اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کردی، رشوت کی شکایت کی فورا شنوائی  وٹس ایپ نمبر جاری

 

اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ) سپریم کورٹ آف پاکستان نے خصوصی اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کردی۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ اینٹی کرپشن ہاٹ لائن قائم کرنے کا مقصد عدلیہ کے احتساب اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے حائل رکاؤٹیں دور کرنے کے عزم کی توثیق ہے۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی بدعنوانی سے پاک ماحول کو فروغ دینے اور انصاف کے اصولوں کی پاسداری کیلئے پر عزم ہیں۔اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ گذشتہ تقریبا پانچ ماہ میں 7633نئے مقدمات دائر ہوئے،11779مقدمات پر فیصلے ہوئے، نئے ججوں کی سپریم کورٹ میں تعیناتی سے مقدمات کے فیصلوں میں مزید تیزی آئے گی۔اس میں کہا گیا کہ بطور چیف جسٹس پاکستان یقین دلاتا ہوں سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا مقدمہ کا فیصلہ بہت جلد میرٹ پر ہوگا، کوئی سرکاری یا غیر سرکاری شخص کیس فکس کرنے،نقل کے حصول یا کسی بھی کام کیلئے رشوت طلب کرے تو فورا اطلاع دیں۔

 

اعلامیہ کے مطابق میں چیف جسٹس پاکستان رشوت اور سفارش کے متعلق عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہوں، چیف جسٹس پاکستان آپکو یقین دلاتا ہوں رشوت طلب کرنے والے کی اطلاع دینے والے کا نام خفیہ رکھا جائے گا، رشوت کی شکایت کی فورا شنوائی ہوگی۔اس میں کہا گیا کہ وٹس ایپ نمبر 03264442444پر رشوت مانگے جانے کی شکایت درج کرائیں، سپریم کورٹ کی اینٹی کرپشن کا اہلکار آپکے ساتھ رابطے میں رہیگا اور آپکو گاہے بہ گاہے شکایت کے متعلق معلومات فراہم کریگا، اینٹی کرپشن ہاٹ لائن رشوت،جانبداری یا کسی قسم کی بدعنوانی کی اطلاع دینے کیلئے ایک محفوظ اور خفیہ پلیٹ فارم ہے۔اعلامیے کے مطابق ہاٹ لائن پر سپریم کورٹ میں رشوت کی شکایت دینے والے کیلئے محفوظ پلیٹ فارم ہے جس میں انتقامی کارروائی کا کوئی ڈر نہیں، اطلاع دینے والے کی شناخت کو محفوظ رکھا جائے گا اور بے نام رہنے کے اختیار کو مکمل تسلیم کیا جائے گا۔

 

اعلامیے میں کہا گیا کہ اینٹی کرپشن ہاٹ لائن 24گھنٹے مکمل فعال رہے گی تاکہ شہری کسی بھی وقت واقعات رپورٹ کر سکیں، ہاٹ لائن کے متعدد زرائع یعنی فون،آن لائن پورٹل،ای میل اور ٹیکسٹ میسجر شامل ہیں،ہاٹ لائن اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہوگی۔اس میں کہا گیا کہ ہاٹ لائن پر موصول تمام شکایات کا جائزہ ایک غیر جانبدار افسر لیتا ہے جو براہ راست چیف جسٹس پاکستان کو رپورٹ کر تا ہے، ہر شکایت کا بغور سراغ لگا کر تفتیش کی جاتی ہے، سادہ نوعیت کے کیس کیلئے تیس دنوں میں جبکہ پیچیدہ نوعیت کے کیس کیلئے ساٹھ دنوں میں فیصلہ کیا جاتا ہے۔اعلامیے کے مطابق چیف جسٹس پاکستان کا یہ اقدام اعلیٰ عدلیہ پر عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم کرنے ی کاوشوں کی عکاسی کرتا ہے، سپریم کورٹ اعلامیہ میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس پلیٹ فارم کو استعمال کریں تاکہ غلط رویوں کا خاتمہ ممکن ہو اور شفافیت و میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔

 

 

وزیراعظم شہباز شریف نے شجرکاری مہم 2025 کا آغاز کردیا، 4 کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے 2025 کی شجرکاری مہم کا آغاز کردیا ہے، جس میں چاروں صوبوں،آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں 4 کروڑ 17 لاکھ پودے لگائے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، وزیراعظم نیکہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے، پوری قوم اور بالخصوص نوجوان اور کسان بڑھ چڑھ کر شجر کاری مہم میں حصہ لیں۔سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو اسلام آباد میں ایک تقریب کے دوران وزیراعظم نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغازکیا۔اس موقع پر خطاب کرتیہوئے وزیراعظم نے کہا کہ رحمتوں اور برکتوں والے ماہ مقدس رمضان المبارک میں 2025 کی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے دوران چاروں صوبوں کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تقریباً 4 کروڑ 17لاکھ پودے لگانے کا منصوبہ ہے جس میں پوری قوم اور بالخصوص نوجوان اور کسان بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔وزیراعظم نے کہاکہ درخت ہمارے ماحول کو بہتر بنانے میں بہت مدد دیتے ہیں، شجرکاری سے بیماریوں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے چند سالوں کے دوران ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے شجر کاری کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے کیونکہ دنیامیں موسمیاتی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں، 2022 کاشدید ترین سیلاب موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہی آیا اور اس میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی۔شہباز شریف نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثرہ 10 ممالک میں شامل ہے، حالانکہ گرین ہاؤس گیسزکے اخراج میں پاکستان کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔انہوں نے کہاکہ اس لیے ضرورت اس بات کی ہے کہ زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں، ہمیں رمضان المبارک کی برکات سمیٹنی چاہئیں اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دن رات محنت کرنی چاہیے،انشا اللہ پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا۔مزید برآں، موسم بہار 2025 کی شجرکاری مہم کے دوران پنجاب میں ایک کروڑ 28 لاکھ 70 ہزار، سندھ میں ایک کروڑ، خیبر پختونخوا میں 26لاکھ 33 ہزار، بلوچستان میں 20 لاکھ 62 ہزار، آزاد کشمیر ایک کروڑ ایک لاکھ 47 ہزا ر اور گلگت بلتستان میں 40 لاکھ پودے لگانے کاہدف مقرر کیاگیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
100292