سوات ایکسپریس وے پرپلئی کے مقام پر ٹنل کی تعمیر مکمل،کل سے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے کھولا جائیگا۔ترجمان
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) سوات ایکسپریس وے پر پلئی کے مقام پر 7 کلومیٹر ٹنل اور پلوں پر تعمیراتی کام مکمل کرکے ۰۳ستمبر سے ٹریفک کے لئے باقاعدہ کھولاجارہا ہے جس سے کرنل شیر خان انٹرچینج سے چکدرہ تک ٹریفک میں مزید آسانی ہوگی۔ سوات ایکسپریس وے پر کاٹلنگ پلئی شاہ کوٹ کے مقام پر تعمیراتی کام کیوجہ سے ٹریفک موڑ دیا گیا تھا اب تعمیراتی کام مکمل ہونے کے بعد سڑک کو ہر قسم ٹریفک کے لئے کھول دیا جارہا۔ہے۔ سوات موٹروے خیبر پختونخوا کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس سے سیاحت کو فروغ ملنے سمیت عوام کو آسان اور آرام دہ سفر بھی میسر ہے. سوات ایکسپریس وے کی تعمیر سے پہلے کی نسبت سیاحت کو کافی فروغ ملا ہے۔تقریباً 35 ارب روپے کی لاگت سے 90 کلومیٹر طویل سوات موٹروے سے سیاحوں کو پاکستان کے سوئٹزلینڈ سوات تک سیاحوں کی رسائی انتہائی سہل بنائی گئی ہے۔ وزیراعلی خیبر پختونخوا کی قیادت میں سوات موٹروے کو مزید وسعت دینے پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ سوات ایکسپریس وے سے دیر،سوات، بٹ خیلہ، ملاکنڈ باجوڑ اور چترال تک آمدورفت کافی سہل بنائی گئی ہے۔ اس اہم منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف سیاحت کو فروغ ملا ہے بلکہ تجارتی سرگرمیاں بھی فروغ پائی ہے۔ سوات ایکسپریس وے وہ منصوبہ ہے جو ترقی سے محروم اضلاع کو صوبے کے ترقیافتہ اضلاع سے ملاتی ہے جس سے ہمیشہ سے محروم رہنے والے اضلاع ترقی کی راہ پر گامزن ہوجائیں گے۔