سندھ اور بلوچستان سے آنے والے قافلوں پر سیدھی فائرنگ کرنا قابل مذمت ہے، جعلی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف
سندھ اور بلوچستان سے آنے والے قافلوں پر سیدھی فائرنگ کرنا قابل مذمت ہے، جعلی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف
پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان سے آنے والے قافلوں پر سیدھی فائرنگ کرنا قابل مذمت ہے، جعلی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے، پنجاب میں بھی جعلی حکومت نے لاشیں گرانے کا پلان بنایا ہوا ہے، جعلی سلطنت کو دوام دینے کے لئے چچا اور بھتیجی لاشیں گرانا چاہتے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حواس باختہ حکومت نے پاکستان کو کنٹینرستان بنایا ہوا ہے، کنٹینرز کے پہاڑ کھڑے کرنے سمیت خندقیں بھی کھودی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی چوک میں کنٹینرز پر سبز کپڑا چڑھانا جعلی حکومت کے مذموم عزائم ظاہر کرتا ہے، سبز کپڑا کروما کے طور پر استعمال کرکے جعلی حکومت نے جعلی ویڈیو کے ذریعے پی ٹی آئی کو بدنام کرنے کا پلان بنایا ہوا ہے تاہم جعلی حکومت کے مذموم عزائم سے عوام باخبر رہے۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ پرامن احتجاج روکنے کے لئے جعلی حکومت نے ایک ہفتے سے پورے ملک کو بند کیا ہوا ہے، شاہراہوں کی بندش سے ایمبولنس سروس بھی شدید متاثر ہے، مریضوں کے ہسپتال نہ پہنچنے کے باعث کئی اموات واقع ہوئی ہیں، کئی بچوں اور حاملہ خواتین کی اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رکاوٹیں ہٹانے کے لئے پورا پورا بندوبست کیا گیا ہے۔ گزشتہ رات جعلی حکومت نے رکاوٹیں ہٹانے والی مشینریوں پر فائرنگ کی اور آگ لگانے کی کوشش کی مگر پی ٹی آئی نے آگ لگانے کی کوشش ناکام بنادی، گزشتہ ایک ہفتے سے جعلی حکومت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے۔ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ جعلی حکومت کے پاس اب بھی وقت ہے مطالبات پورے کرے ورنہ کہیں ایسی صورتحال کی طرف معاملات نہ چلے جائیں جیسا کہ حال ہی میں بنگلہ دیش میں دیکھنے میں آیا۔