Chitral Times

Jan 14, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سرکاری محکموں کی منظور شدہ ترقیاتی سکیموں کی مد میں 20,422.622  ملین روپے کے فنڈز کا اجراء

Posted on
شیئر کریں:

حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے مالی سال 2019-20 کے لئے مختلف سرکاری محکموں کی منظور شدہ ترقیاتی سکیموں کی مد میں 20,422.622  ملین روپے کے فنڈز کا اجراء
.
خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جس نے تمام سرکاری محکموں کو مالی سال 2019-20 کے لئے75 فیصد ترقیاتی فنڈز کے استعمال کا اختیار دے دیا ہے۔تیمور جھگڑا
.
صوبائی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی بدولت نہ صرف تیز ترترقی کا حصول ممکن ہوگا بلکہ صوبائی محاصل میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔وزیر خزانہ
.
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے ترقیاتی فنڈز کے حوالے سے صوبائی کابینہ سے منظور شدہ نئی ریلیز پالیسی کے تحت مالی سال 2019-20کے لئے مختلف سرکاری محکموں کی منظور شدہ ترقیاتی سکیموں کی مد میں 20,422.622 ملین روپے کے فنڈز جاری کردیئے ہیں جس کے بعد خیبر پختونخوا وہ پہلا صوبہ بن گیا ہے جس نے تمام سرکاری محکموں کو مالی سال 2019-20  کے لئے 75 فیصد ترقیاتی فنڈز کے استعمال کا اختیار دے دیا ہے۔اس امر کا اعلان انہوں نے مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں حاصل ہونے والے محاصل کا جائزہ لینے والی اعلیٰ سطح صوبائی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہونے والے اجلاس میں وزیر برائے معدنیات و معدنی ترقی ڈاکٹر امجد علی،سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ ذاکر حسین آفریدی،سیکرٹری محکمہ مائنز اینڈ منرلزسید نظر حسین،ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی محمد طاہر اورکزئی اورڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سید فیاض علی شاہ علاوہ محکمہ توانائی وبرقیات اور محکمہ مال وخزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں مالی سال 2019-20 کی پہلی سہ ماہی میں مختلف صوبائی محکموں اور اتھارٹیز کے تحت حاصل ہونے والے محاصل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر مختلف محکموں کے متعلقہ حکام نے جائزہ کمیٹی کو محصولات کی مد میں صوبائی حکومت کی جانب سے موجودہ مالی سال کے لئے مقرر کئے گئے اہداف کے حصول کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں حکام نے کمیٹی کے سامنے پہلی سہ ماہی میں حاصل ہونے والی محصولات کے اعداد وشمار پیش کئے۔حکام نے اجلاس کو بتایا کہ سرکاری محکمے صوبائی حکومت کے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کی روشنی میں محصولات میں اضافے اور مقررہ اہداف حاصل کرنے کے لئے ٹھوس بنیادں پر اقدامات کررہے ہیں۔کمیٹی کے چیئرمین وزیر خزانہ تیمور سلیم اور کمیٹی کے ممبران نے صوبائی محاصل میں اضافے اور مقرر اہداف کے حصول پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ سرکاری محکموں کے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ حکومت کی اصلاحاتی پالیسی پر عمل پیرا رہتے ہوئے تمام ادارے محاصل میں اضافے کے لئے مزیداقدامات اٹھائیں۔وزیر خزانہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی ٹیم نہ صرف ٹیکس وصولی کے نظام کو آسان تر اور موئثر بنانے کے لئے تگ ودو کررہی ہے بلکہ ریونیو میں اضافے کے لئے بھی زمینی حقائق کے تناظر میں بھرپور اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے معاشی ترقی اور استحکام کے لئے غیر روایتی انداز میں مشکل اور سخت فیصلے کئے ہیں جس کی بدولت صوبہ نہ صرف وفاق بلکہ دیگر صوبوں سے بھی محاصل کے حصول کی دوڑ میں کافی آگے ہے اور ماضی کے مقابلے میں ریکارڈمحصولات حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
29784