سابق تحصیل ناظم سرتاج احمد خان ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) سابق تحصیل ناظم چترال سرتاج احمد کی قیادت میں چترال کے درجنوں عمائدین نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ۔ منگل کے روز وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں ایک پروقار تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے نئے شامل ہونے والوں کو پارٹی کی ٹوپی پہنائی ۔ نئے شامل ہونے والوں میں سرتاج احمد کے ساتھ سابق ضلعی نائب ناظم سلطان شاہ،موردیر سے تعلق رکھنے والے معروف شخصیت معراج خان ، سابق ضلعی جنرل سیکریٹری آل پاکستان مسلم لیگ سلطان محمود اور حاجی اقرار کے علاوہ درجنوں افراد نے اپنے خاندانوں کے ساتھ پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر اسپیکر صوبائی اسمبلی مشتاق غنی اور صوبائی وزرا کے علاوہ پی ٹی آئی چترال کے صدر عبد الطیف ،ایم پی اے وزیر زادہ، حاجی سلطان محمد کےعلاوہ چترال سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں عمائدین تقریب میں موجود تھے ۔