ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ محمد سعید کا کالاش ویلی میںکھلی کچہری سے خطاب
چترال (چترال ٹائمزرپورٹ) ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ محمد سعید وزیر نے عوامی مسائل کو عوام کی دہلیز پرحل کرنے کے لیے ڈی۔پی۔او چترال محمد فرقان بلال (PSP) کے ہمراہ علاقہ بمبوریت میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
کھلی کچہری میں ڈی ایس پی دروش اور ایس ایچ او بمبوریت سمیت بڑی تعداد میں علاقے کے عوام نے شرکت کی۔
مقررین نے کھلی کچہری منعقد کرنے پر آر پی او کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری منعقد کرنے سے عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم اور اچھے مراسم بڑھ جاتے ہیں۔
کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوۓ آر پی او نے بھائی چارے کی فضا کو قائم رکھنے میں معاشرے کے تمام لوگوں کے کردارکی تعریف کی۔ علاقے کے امن کو برقرار رکھنے اور جرائم کے سدباب کےلئے پولیس اور عوام کو مل کر کام کرنے پر زور دیا۔
آر پی او نے عوامی مطالبے پر ایک نوجوان کو موقع پر SPO بھرتی کرنے کا حکم دیدیا. جبکہ سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر کرنے اور بیروزگاری کم کرنے کےلئے SPO کی مزید پچاس آسامیاں پیدا کرنے کا وعدہ بھی کیا۔
ضلعی پولیس سربراہ نے عوام کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اپنا قیمتی وقت نکال کر کھلی کچہری میں شرکت کی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔
دریںاثنا ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ محمد سعید وزیر اپنے دورہ چترال کے دوران شجر کاری مہم کے سلسلے میں پولیس ریسٹ ہاؤس بلچ میں اراکیریا (Araucaria) کا درخت لگاکر مہم میںاپنا حصہ ڈالا۔ اس موقع پر ضلعی پولیس آفیسر محمد فرقان بلال اور ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر محئ الدین بھی موجود تھے.