
رو ز چترال کے زیراہتمام سنگور سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت طالبہ خوش بخت اقبال کو “ڈاکٹر سردار عالم میموریل فاؤنڈیشن اسکالرشپ” کے تحت 1,25,000 روپے کا اسکالرشپ دیا گیا
رو ز چترال کے زیراہتمام سنگور سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت طالبہ خوش بخت اقبال کو “ڈاکٹر سردار عالم میموریل فاؤنڈیشن اسکالرشپ” کے تحت 1,25,000 روپے کا اسکالرشپ دیا گیا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) آج ـ روز، چترال کے دفتر میں ایک باوقار تقریب منعقد کی گئی، جہاں چترال سنگور سے تعلق رکھنے والی ایک باصلاحیت طالبہ خوش بخت اقبال کو “ڈاکٹر سردار عالم میموریل فاؤنڈیشن اسکالرشپ” کے تحت 1,25,000 روپے کا اسکالرشپ دیا گیا۔ خوش بخت نہ صرف ایک ذہین طالبہ ہیں بلکہ حافظ قرآن بھی ہیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (UET)، پشاور میں کمپیوٹر سسٹمز انجینئرنگ میں کامیابی سے داخلہ حاصل کیا ہے۔
یہ قابل ذکر ہے کہ خوش بخت اقبال چترال کی معروف سماجی شخصیت، شاعر اور فنکار، گل نواز خاکی مرحوم کے معزز خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی شاہ عجم تھے، جو مرحوم ڈاکٹر سردار عالم کے بڑے بھائی ہیں۔ شاہ عجم خود ایک اعلیٰ سرکاری افسر ر ہ چکے ہیں، جنہیں ان کی ایمانداری اور قابلیت کی وجہ سے بہت عزت دی جاتی ہے۔ اپنے تعلیمی دور میں، انہوں نے اسٹیٹ ہائی اسکول چترال میں میٹرک کے امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی اور ان کا نام آج بھی اسکول کے بورڈ آف آنر پر درج ہے۔ ان کا خاندان ہمیشہ سے تعلیم دوستی کے لیے جانا جاتا رہا ہے اور اس خاندان میں کئی نامور عالم اور تعلیم یافتہ افراد گزرے ہیں۔
اپنے خطاب میں، روز چترال کے چیئرمین ہدایت اللہ نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے تقریب میں شرکت کر کے اپنے خاندان کی نمائندگی کی۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بھی ڈاکٹر سردار عالم کے خاندان کی طرح اپنے والدین کے نام پر اسکالرشپ کا اجرا کریں تاکہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔
اس تقریب میں چترال کے معروف صحافی مرحوم مولانا محمد افضل کے فرزند عبداللہ نے بھی خصوصی شرکت کی۔